کمشنر راولپنڈی ڈویثرن کا خواجہ کارپوریشن فلائی اوور اور جی پی او چوک انڈرپاس کا دورہ

110

راولپنڈی۔ 18 فروری (اے پی پی):کمشنر راولپنڈی ڈویثرن انجینئر عامر خٹک نےخواجہ کارپوریشن فلائی اوور اور جی پی او چوک انڈرپاس کا دورہ کیا۔کمشنر راولپنڈی نےمنصوبوں پر ہونے والی پیش رفت اور جاری شدہ تعمیراتی کام کا جائزہ لیا۔دورے کے دوران کمشنر راولپنڈی نے کہا کہ خواجہ کارپوریشن فلائی اوور کو عید سے پہلے مکمل کیا جائے ،خواجہ کارپوریشن فلائی اوور کی تکمیل سے اڈیالہ روڈ پر دیرینہ ٹریفک جام کے مسئلے سے نجات مل سکے گی جبکہ بریفنگ دیتے ہوئے کمشنر راولپنڈی کو بتا یا گیا کہ05 دسمبر 2024 کو آلاٹ ہونے والے اس منصوبے میں 45 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے۔

منصوبے میں معیار اور شفافیت کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ اس کی رفتار پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔کمشنر راولپنڈی نے جی پی او چوک انڈرپاس پر شروع ہونے والے کام کا بھی جائزہ لیا۔اس موقع پر کمشنر راولپنڈی نے کہا کہ جی پی او چوک اور ٹی ایم چوک میں بننے والے اس انڈر پاس کے لئے ایف ڈبلیو او کو کنٹرکٹ دیا گیا ہے۔منصوبے کی راہ میں آنے والے تمام کاروباری مراکز کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے گی اور انہیں پراپر پارکنگ سپیس دی جائے گی ۔

انہوں نے متعلقہ محکمےکو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ منصوبے سے وقتی طور پر متاثر ہونے والے تمام سٹیک ہولڈرز کو آن بورڈ رکھا جائے اور ان کی تجاویز کو مقدم رکھا جائے۔ یوٹیلٹیز کی شفٹنگ کو ترجیح دی جائے۔ انڈرپاس کی تعمیر میں اس بات کا خیال رکھا جائے کہ شہر کی ٹریفک کی روانی متاثر نہ ہو۔کمشنر راولپنڈی نے مزید کہا کہ اس منصوبے کی تکمیل سے نہ صرف عوام کو آسانی اور محفوظ سفر کی ضمانت ملے گی بلکہ شہر کی مجموعی ٹریفک صورتحال میں بھی بہتری آئے گی۔