کمشنر راولپنڈی ڈویژن انجینئر عامر خٹک کی زیر صدارت انسداد ڈینگی مہم کا جائزہ اجلاس

117
Dengue
Dengue

راولپنڈی۔26جولائی (اے پی پی):کمشنر راولپنڈی ڈویژن انجینئر عامر خٹک نے کہا ہے کہ حالیہ درجہ حرارت ڈینگی لاروا کی بریڈنگ کے لئے نہایت موزوں ہے جس کے پیش نظر تمام سرکاری محکمے مقررہ ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بناتے ہوئے انسداد ڈینگی سرگرمیوں میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں، انسداد ڈینگی مہم میں صفائی کو خصوصی اہمیت دیتے ہوئے ماحول کو صاف ستھرا بنانے کے لئے اقدامات کئے جائیں، انہوں نے ہدایت کی حالیہ بارشوں کے پیش نظر فیلڈ سرگرمیوں کو بڑھایا جائے اور بارشی پانی کی نکاسی کا بروقت انتظام کیا جائے تا کہ کھڑا پانی ڈینگی بریڈنگ کا باعث نہ بنے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کمشنر آفس میں منعقدہ انسداد ڈینگی مہم کے جائزہ اجلاس کی صدارت کے دوران کیا۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر راولپنڈی حسن وقار چیمہ، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ سبطین کاظمی، چیف ایگزیکٹیو آفیسر ہیلتھ، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر احسان غنی و محکمہ صحت کے دیگر افسران نے شرکت کی۔

اس موقع پر سی ای او ہیلتھ نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ محکمہ صحت کی جانب سے کی جانے والی کاوشوں کے ساتھ، ساتھ راولپنڈی و اسلام آباد کی ٹیمیں مشترکہ طور پر آئی جے پی روڈ اور ایکسپریس ہائی وے کے بارڈر ایریاز پر سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کو یقینی بنا رہے ہیں اور ماحول کی صفائی کو اولین ترجیح دیتے ہوئے متعلقہ سرکاری محکموں کے علاوہ عوام الناس کو بھی اس میں بھرپور طریقے سے شامل کیا جا رہا ہے تاکہ ماحول کو صاف ستھرا کر کے ڈینگی بریڈنگ کے خدشے کو کم سے کم کیا جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ فیلڈ سرگرمیوں کو مؤثر بنانے کے لئے ڈینگی سرویلینس ٹیموں کی خصوصی مانیٹرنگ ہو رہی ہے اور تھرڈ پارٹی ویلڈیشن کے ذریعے اسے چیک کیا جا رہا ہے، رواں سال اب تک راولپنڈی میں ڈینگی کے 27 کنفرم مریض رپورٹ ہوئے ہیں، ڈینگی ایس او پیز کی خلاف ورزی پر اب تک 496 ایف آئی آرز، 216 عمارتیں سیل، 829 چالان اور 12 لاکھ سے زائد جرمانہ عائد کیا جا چکا ہے۔