راولپنڈی۔ 14 اکتوبر (اے پی پی):کمشنر راولپنڈی ڈویژن لیاقت علی چٹھہ نے بینظیر بھٹو ہسپتال راولپنڈی کا اچانک دورہ کیاہے۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ،ایم ایس بی بی ایچ ڈاکٹر طاہررضوی ، محکمہ بلڈنگ اور پی ایچ اے کے حکام بھی موجود تھے۔ کمشنر راولپنڈی نے ہسپتال میں طبی سہولتوں کا تفصیل سے جائزہ لیا۔ انہوں نے ڈینگی وارڈ ، بلڈ بینگ ،سی ایم اووٹرائج روم، ایمرجنسی، او پی ڈی،سرجیکل واڈ ،مردانہ و زنانہ وارذ، چلڈرن وارڈ ،میڈیسن روم سمیت ہسپتال کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا۔انہوں نے مریضوں اور ان کے ساتھ آئے ہوئے عزیز و اقارب سے علاج معالجے ،صفائی کی صورت حال ،واش رومز کی حالت اور ادویات کی فراہمی کے بارے میں دریافت کیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کمشنر راولپنڈی نے کہا کہ حکومت پنجاب کے احکامات کی روشنی میں طبی سہولتوں کو یقینی بنایا جا رہا ہے، طبی سہولتوں کی فراہمی میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی،مریضوں کوادویات کی فراہمی ہسپتال کے میڈیسن سٹور سے جاری ہے۔کمشنر راولپنڈی نے ہدایت کی کہ کسی صورت بھی ادویات خریدنے کے لیے مریضوں کے لواحقین کو باہر نہ بھیجا جائے۔ انکا کہنا تھا کہ دوردراز سے لوگ بی بی ایچ علاج کی غرض سے آتے ہیں،طبی شعبہ دکھی لوگوں کی دادرسی کر کے خدمت اور عبادت کررہا ہے۔
کمشنر راولپنڈی نے ہسپتال انتظامیہ کو صفائی کی صورت حال کو مذید بہتر بنانے کی بھی ہدایت کی۔کمشنر راولپنڈی نے ہسپتال میں جاری مرمت اور تزین و آرائش کے کام کا بھی جائزہ لیا۔انہوں نے کہا کہ تعمیر اورمرمت کے کام کو جلد مکمل کیا جائے۔ پی ایچ اے ہسپتال کے اندر تزین و آرائش کے کام کو فوری مکمل کرے۔\