راولپنڈی۔ 30 اگست (اے پی پی):کمشنر راولپنڈی ڈویژن انجینئر عامر خٹک کی زیر صدارت صفائی ستھرائی، نکاسی آب، ممکنہ بارشوں اور سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے انتظامات کے تفصیلی جائزہ کے حوالہ سے ایک اہم اجلاس میٹرو کارپوریشن راولپنڈی آفس میں منعقد ہوا۔
اس موقع پر کمشنر راولپنڈی نے ہدایت دی کہ تمام ڈپٹی اور اسسٹنٹ کمشنرز فوری طور پر اپنی اپنی یونین کونسلز کے تفصیلی دورے کریں اور صفائی ستھرائی و نکاسی آب کا جائزہ لے کر جامع رپورٹ جمع کرائیں، جس یونین کونسل میں صفائی ستھرائی کے حوالے سے شکایات پائی جائیں وہاں کا عملہ فوری طور پر تبدیل کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ گاؤں ، دیہات اور شہروں میں کہیں بھی صفائی کے حوالے سے کوئی شکایت نہیں آنی چاہیے، مرکزی شاہراہوں کے ساتھ ساتھ اندرون شہر گلی محلوں میں بھی صفائی کے خصوصی انتظامات یقینی بنائیں اور اس میں کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
کمشنر راولپنڈی نے ہدایت دی کہ شہروں میں وارڈ کمیٹیوں اور دیہاتوں میں ولیج کمیٹیوں کو فعال کیا جائے اور ان کے تمام اراکین کو انگیج کیا جائے تاکہ صفائی ستھرائی سمیت انتظامی امور کو بہتر طریقے سے نمٹایا جا سکے۔ اجلاس میں آر ڈبلیو ایم سی کی جانب سے بتایا گیا کہ ڈمپنگ سائیڈ کی منتقلی کے لیے کم سے کم 20 کنال جگہ درکار ہے۔ اس پر کمشنر راولپنڈی نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ سٹی کے اطراف کسی مناسب جگہ کی نشاندہی کر کے رپورٹ جمع کرائیں اور ڈمپنگ سائیڈ کو جلد از جلد شہر سے باہر منتقل کیا جائے۔
مزید برآں حالیہ بارشوں کی پیشن گوئی اور ممکنہ سیلابی خطرات کے پیش نظر کمشنر راولپنڈی نے تمام ڈپٹی اور اسسٹنٹ کمشنرز، سول ڈیفنس، ریسکیو 1122، واسا اور دیگر متعلقہ اداروں کو ہدایت دی کہ مزید بارشوں کے دوران انتظامیہ ہمہ وقت فیلڈ میں موجود رہے، جہلم اور سوہاوہ نالہ سمیت تمام آبی گزرگاہوں اور چھوٹے بڑے ڈیمز کو مسلسل مانیٹر کیا جائے اور جہاں کہیں بھی ڈیم یا بند ٹوٹنے کا خدشہ ہو فوری طور پر مرمت کی جائے۔
کمشنر راولپنڈی نے سول ڈیفنس، ریسکیو 1122 اور آر ڈبلیو ایم سی کو خصوصی ہدایت دی کہ تمام ندی نالوں کی صفائی کو یقینی بنایا جائے اور جو علاقے ممکنہ سیلاب سے متاثر ہو سکتے ہیں وہاں کی آبادی کو بروقت محفوظ مقامات پر منتقل کیا جائے، اس کے ساتھ ساتھ جانوروں اور مویشیوں کو بھی محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے انتظامات کیے جائیں۔