کمشنر راولپنڈی کا اڈیالہ جیل اور ایس او ایس ویلج کا دورہ

89
Adiala Jail

راولپنڈی۔12اپریل (اے پی پی):عید پر کمشنر راولپنڈی ڈویژن عامر خٹک اور آر پی او بابر سرفراز نے ڈپٹی کمشنر راولپنڈی حسن وقار چیمہ کے ہمراہ اڈیالہ جیل اور ایس او ایس ویلج کا دورہ کیا۔ انہوں نے اڈیالہ جیل میں موجود 15 سال سے کم عمر کے بچوں کو عیدی دی اور تحائف تقسیم کئے۔ انہوں نے اڈیالہ جیل میں قائم ہسپتال کا معائنہ کیا اور مریضوں کی عیادت کی، کمشنر عامر خٹک نے اڈیالہ جیل ہسپتال کی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ مریضوں کے علاج و معالجہ کے لیے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔

کمشنر عامر خٹک اور آر پی او بابر سرفراز الپا نے اڈیالہ جیل میں اسیران کو دی جانے والی سہولیات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ کمشنر راولپنڈی ڈویژن عامر خٹک نے کہا کہ عید کے دنوں اسیران کے لئے خصوصی کھانوں کا اہتمام کیا جائے۔ کمشنر، آر پی او اور ڈپٹی کمشنر ایس او ایس ویلج میں گئے ، انہوں نے بچوں کے ساتھ عید کا کیک کاٹا ، بچوں میں عیدی اور تحائف تقسیم کئے ۔ بعد ازاں کمشنر راولپنڈی ڈویژن عامر خٹک اور ڈپٹی کمشنر حسن وقار چیمہ نے چائلڈ پروٹیکشن بیورو کا دورہ کیا۔

چائلڈ پروٹیکشن بیورو میں بچوں کے لیے خاص پارٹی کا اہتمام کیا گیا جس میں بچوں کے لیے گول گپے، جوس، شوارما اور آئس کریم سٹالز بھی لگائے گئے ۔ اس موقع پر کمشنر عامر خٹک نے کہا کہ چائلڈ پروٹیکشن بیورو میں موجود بچے خصوصی توجہ کے مستحق ہیں، انہوں نے انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ بچوں کی دیکھ بھال کا خاص خیال رکھا جائے، بچوں کو سیر و تفریح کیلئے پارک بھی لے کر جائیں اور پیزا پارٹی کا اہتمام کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ بچے بہت حساس ہوتے ہیں کسی چیز کی کمی نہیں ہونی چاہئے۔

کمشنر عامر خٹک اور ڈپٹی کمشنر نے ہولی فیملی ہسپتال کا دورہ کیا اور مریضوں کی عیادت کی ، ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف کو مٹھائی کا تحفہ دیا۔ کمشنر عامر خٹک نے کہا کہ عید کے روز اپنے گھر والوں کے ساتھ عید منانے کے بجائے اپنی خدمات انجام دینے والے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔