راولپنڈی۔ 12 جون (اے پی پی):کمشنر راولپنڈی انجینئر عامر خٹک نےنواز شریف فلائی اوور اور زیر تعمیر جی پی او چوک انڈرپاس کا دورہ کیا۔ انہوں نے ان منصوبوں پر ہونے والی پیش رفت اور جاری تعمیراتی کام کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر ایس ای ہائی وے اور اید ڈبلیو او کی جانب سے بریفنگ دی گئی۔کمشنر راولپنڈی نے کہا کہ نواز شریف فلائی اوور جو کہ 120 دن کی ریکارڈ مدت میں مکمل کیا گیا ہے، اس کی تکمیل سے روزانہ تقریباً 79 ہزار گاڑیاں مستفید ہو رہی ہیں۔ کمشنر نے ٹریفک کی روانی کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ اس فلائی اوور کی بدولت اڈیالہ روڈ پر طویل عرصے سے جاری ٹریفک جام کا مسئلہ بڑی حد تک حل ہو چکا ہے۔
دورہ کے دوران کمشنر راولپنڈی نے جی پی او چوک و ٹی ایم چوک انڈرپاس کے منصوبے پر جاری کام کی رفتار اور معیار کا بھی معائنہ کیا۔ بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ منصوبے کی فزیکل پراگریس 88 فیصد مکمل ہو چکی ہے اور اس کی تکمیل کی تاریخ 30 جون 2025 مقرر کی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ منصوبے کے دوران متاثر ہونے والے کاروباری مراکز کو ہر ممکن سہولیات اور مناسب پارکنگ کی جگہیں فراہم کی گئی ہیں۔ کمشنر نے اس بات پر زور دیا کہ تمام متعلقہ محکمے دستیاب وسائل کا مؤثر استعمال کرتے ہوئے اس منصوبے کی بروقت اور معیاری تکمیل کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ انڈرپاس کی جلد تکمیل کے بعد عوام کو وقتی پریشانی کے بدلے دیرپا ریلیف میسر آئے گا۔