راولپنڈی 02 جنوری (اے پی پی):کمشنر راولپنڈی نے ڈریمز پراجیکٹ سائٹ کا دورہ کر کے پیش رفت کا جائزہ لیا۔پراجیکٹ کی تکمیل اور معیار کے حوالے سے ضروری ہدایات دیں۔واسا کی جانب سے کمشنر راولپنڈی کو ڈریمز پراجیکٹ کی پراگریس پر بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں بتا یا گیا کہ ڈریمز ایشیائی ترقیاتی بنک (ADB) اور پنجاب حکومت کا مشترکہ منصوبہ ہے۔ چہان ڈیم پر مبنی پانی کی فراہمی کے اس منصوبے کے تحت تقریباً 10 لاکھ لوگ پینے کے قابل پانی حاصل کریں گے۔ منصوبے کی کل لاگت 35 ارب روپے، دسمبر 2027 تک مکمل کرنے کا ٹارگٹ ہے۔ ڈریمز پراجیکٹ کا مقصد زمینی پانی کا تحفظ اور سطحی آبی ذرائع سے پانی کا اضافہ کرنا ہے۔
ڈریمز کے ذریعے غیر آمدنی والے پانی کی کمی (NRW)، 20 میگاواٹ کا ماحول دوست سولر پاور سسٹم لگایا جائے گا۔جبکہ ڈریمز پراجیکٹ میں 92,000 میٹرڈ ہاؤس کنکشن (واٹر میٹرز پر مبنی) دئیے جائیں گے۔ڈریمز کے ذریعے واسا راولپنڈی کے ریونیو کی وصولی میں ماہانہ 100 ملین کا اضافہ بھی ہوگا۔بریفنگ میں بتا یا گیا کہ ڈریمز پراجیکٹ میں ولڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے معیار کے مطابق پانی کا انتظام ہوگا۔اس موقع پرکمشنر راولپنڈی نے کہا کہ گزشتہ ایک مہینے سے ڈریمز پراجیکٹ پر کام شروع ہو چکا ہے،اب تک کی فزیکل پراگریس پانچ فیصد ہے۔انہو ں نے کہا کہ ڈریمزمنصوبے میں معیار اور شفافیت کے ساتھ ساتھ اسکی مقررہ مدت میں تکمیل یقینی بنائی جائے۔
غیر ضروری تاخیر کا شکار منصوبے عموما عوام کے لئے رحمت کے بجائے زخمت کا باعث بنتے ہیں۔اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کنزی مرتضی، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ ثانیہ صافی، ایم ڈی واسا محمد سلیم اشرف و دیگر متعلقہ افسران بھی سائٹ پر موجود تھیں۔