کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل نے زیر تعمیر سلاٹر ہاؤس اور اندرون جنرل بس سٹینڈ کا دورہ کیا اور جاری ترقیاتی کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا
کمشنر ساہیوال ڈویژن نے زیر تعمیر سلاٹر ہاؤس اور اندرون جنرل بس سٹینڈ کا دورہ کرکے جاری ترقیاتی کاموں کاجائزہ لیا
چیچہ وطنی۔ 17 جون (اے پی پی):کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل نے زیر تعمیر سلاٹر ہاؤس اور اندرون جنرل بس سٹینڈ کا دورہ کیا اور جاری ترقیاتی کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ سلاٹر ہاؤس کے دورے کے موقع پر چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن شیخ اشفاق احمد نے منصوبے کی پیش رفت، تعمیراتی مراحل اور تکمیل کے شیڈول کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ کمشنر ساہیوال ڈویژن نے ہدایت کی کہ سلاٹر ہاس کے داخلی راستے کو خوبصورت اور شہریوں کے لیے پرکشش بنایا جائے تاکہ منصوبے کی افادیت کے ساتھ اس کا مجموعی ماحول بھی بہتر ہو۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ منصوبے پر کام کی رفتار مزید تیز کی جائے اور مقررہ ڈیڈ لائن کے اندر تعمیراتی کام مکمل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ لیبر اور مشینری میں اضافہ کر کے کام کی رفتار کو مزید بہتر بنایا جائے تاکہ منصوبہ جلد از جلد مکمل ہو سکے۔ بعد ازاں کمشنر ساہیوال ڈویژن نے اندرون جنرل بس اسٹینڈ میں جاری ترقیاتی کاموں کا بھی معائنہ کیا۔ اس موقع پر میونسپل افسران نے انہیں منصوبے کی پیش رفت کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے کہا کہ شہریوں کو بہتر سفری اور عوامی سہولیات جلد از جلد فراہم کرنے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ عوامی فلاح کے منصوبوں کی بروقت تکمیل حکومت پنجاب کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور تمام منصوبوں میں شفافیت، معیار اور مقررہ ٹائم لائن کی پابندی کو یقینی بنایا جائے









