کمشنر سرگودھا اور آر پی او کا مجالس کے انتظامات کا جائزہ

54
Commissioner Sargodha
Commissioner Sargodha

سرگودھا ۔ 02 جولائی (اے پی پی):کمشنر سرگودہاجہانزیب اعوان نے ریجنل پولیس آفیسرشہزاد آصف خان کے ہمراہ سرگودھا شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے محرم الحرام کی مجالس کے سلسلے میں سیکیورٹی، صفائی، روشنی اور دیگر انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ محمد وسیم اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر صہیب اشرف کے علاوہ چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن ماجد بن احمد اپنی ٹیموں کے ہمراہ موجود تھے۔

کمشنر اور آر پی او نے مجالس کے مقامات پر صفائی، لائٹنگ، ٹریفک کنٹرول، سیکیورٹی چیکنگ، واٹر سپلائی اور دیگر سہولیات کی دستیابی کا مشاہدہ کیا اور موقع پر موجود افسران کو ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام اور شہریوں کی سہولت کیلئے تمام ادارے ہم آہنگی سے کام کریں۔ ڈویژنل سربراہان نے دورے کے دوران مختلف مقامات پر منتظمین مجالس سے ملاقات کی اور کہا کہ عزادارانِ امام حسینؑ کے جذبات کا احترام انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے ڈویژنل و ضلعی امن کمیٹیوں کے اراکین سے بھی ملاقات کی، جنہوں نے بین المسالک ہم آہنگی کو برقرار رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔کمشنر سرگودہا نے تمام اداروں کی مشترکہ کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ مربوط حکمت عملی کے تحت محرم الحرام کے دوران شہریوں کو پرامن اور محفوظ ماحول فراہم کیا جارہا ہے۔