سرگودھا ۔ 25 نومبر (اے پی پی):سرگودھا سپورٹس کمپلیکس میں کمشنر جہانزیب اعوان نے ایک رنگا رنگ تقریب میں کھیلتا پنجاب مقابلوں کا افتتاح کیا۔ تقریب میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل عمر فاروق ، ڈویژنل سپورٹس آفسیر رؤف باجوہ اور صائمہ منظور کے علاؤہ چاروں اضلاع سے کھلاڑیوں ، کوچز اور شائقین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ یہ مقابلے 4 دسمبر تک جاری رہیں گے۔
چاروں اضلاع سے ٹیمیں 12 مختلف کھیلوں اتھلیٹکس ،کرکٹ ٹیپ بال،باسکٹ بال،فٹ بال، کبڈی ،میٹ ریسلنگ،تائی کوانڈو،ٹیبل ٹینس ،ہاکی، والی بال ،آرچری، اور بیڈمنٹن) میں حصہ لے رہی ہیں ۔
کمشنر نے کھلاڑیوں ، کوچز اور آفیشلز کے ہمراہ ٹرافیوں کی رونمائی بھی کی۔ اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ پنجاب میں پہلی بار سپورٹس ایونٹ میں سپورٹس کلبز سے ایک لاکھ 20ہزار کھلاڑی شرکت کررہے ہیں جو ایک بہت بڑی اچیومنٹ ہے۔ صوبہ بھر میں ڈویژن کی سطح پر 10کروڑ روپے کے انعامات جیتنے والے کھلاڑیوں کو دیئے جائیں گے جبکہ ڈسٹرکٹ کی سطح پر 4 کروڑ روپے سے زائد کے انعامات دیئے جائیں جا چکے ہیں۔
\انہوں نے کہا کہ کھیلتا پنجاب گیمز میں نوجوانوں کو اپنا ٹیلنٹ سامنے لانے کا بہترین موقع فراہم کیا گیا ہے۔ سپورٹس کے ایک نئے دور کا آغاز ہو گیا ہے۔ پنجاب میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں ہے،کھلاڑیوں کو پلیٹ فارم مہیا کردیا گیا تاکہ وہ کھلاڑی بھی اپنے ٹیلنٹ کے جوہر دیکھا سکیں گے جن کو پہلے مواقع میسر نہیں آتے تھے۔
جہانزیب اعوان نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت سپورٹس کی ترقی کیلئے بہترین اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ انہوں نے کھلاڑیوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ ڈویژنل سپورٹس آفسیر رؤف باجوہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ کھیلتا پنجاب گیمز میں بہترین کاکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کی 2 ارب روپے کے انڈوومنٹ فنڈ سے بھی مدد کی جائے گی۔ ان گیمز میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنےوالے کھلاڑیوں کو میرٹ پر منتخب کرکے قومی اور بین الاقوامی کھیلوں کے لئے تیار کیا جائے گا۔بعدازاں کمشنر نے آفیشلز میں شیلڈز بھی تقسیم کیں۔