کمشنر سرگودھا ڈویژن کا ریسکیو 1122 کے اہلکاروں کو خراج تحسین، عید کے دنوں میں دریائے جہلم سے تین افراد کی لاشیں نکالنے پر تعریفی اسناد تقسیم کیں

36

سرگودھا ۔ 12 جون (اے پی پی):کمشنرسرگودھا ڈویژن جہانزیب اعوان اورڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) محمد وسیم نےعیدالاضحیٰ کی تعطیلات کے دوران دریائے جہلم کے مقام لنگر والا پر ڈوبنے والے تین افراد کی نعشیں نکالنے والے ریسکیو 1122 کے عملے سے ملاقات کی اور اُن کی خدمات کو سراہتے ہوئے تعریفی اسناد سے نوازا۔ ریسکیو آپریشن میں حصہ لینے والی ٹیم نے مسلسل کئی گھنٹوں کی محنت کے بعد تینوں افراد کی نعشیں دریائے جہلم سے نکال کر ایک مشکل مشن کو کامیابی سے مکمل کیا۔ ٹیم میں غوطہ خور نصر عباس، محمد حمید، محمد الطاف، عبد الواحد اور خاتون رضاکار ڈاکٹر مریم شامل تھیں

جنہوں نے عید کی خوشیوں کو پسِ پشت ڈال کرانسانی خدمت کو ترجیح دی۔ اس موقع پرڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر مظہر شاہ بھی موجود تھے۔ کمشنر نے رضاکاروں کی فرض شناسی، ہمت اور پیشہ ورانہ مہارت کی بھرپور تعریف کرتےہوئےکہا کہ ریسکیو 1122 پاکستان کے ان اداروں میں شمار ہوتا ہے جن پر قوم کو بجا طور پر فخر ہے۔ انہوں نے ٹیم کے ارکان کو مقامی ہیروز قرار دیتے ہوئے کہا کہ آپ کا جذبہ قابلِ تقلید ہے اور اللہ تعالیٰ آپ کو اس خدمت کا بہترین صلہ عطا کرے گا۔ کمشنر جہانزیب اعوان نے خاص طور پر خاتون رضاکار ڈاکٹر مریم کو زبردست الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ مشکل اور حساس مواقع پر خواتین کا یوں فرنٹ لائن پر موجود ہونا واقعی قابلِ فخر ہے۔