سرگودھا۔ 28 دسمبر (اے پی پی):کمشنر جہانزیب اعوان نے ڈویژن بھر میں قدرتی جھیلوں کے قریب پختہ تعمیرات کا نوٹس لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنروں کو لوکل گورنمنٹ بائی لاز پر سختی سے عمل درآمد کروانے کی ہدایت کی ہے۔ کمشنر سرگودھا نے کہا کہ میانوالی کی نمل جھیل جبکہ خوشاب میں سون ویلی کی اچھالی اور کھبیکی سمیت دیگر جھیلوں پرسرد موسم میں نایاب پرندوں کی آمد ہوتی ہے اور یہ دیکھنے میں آیا ہے کہ ان جھیلوں کے اندر اور قریب پختہ تعمیرات سے پرندوں کی آمد کم ہونا شروع ہو گئی ہے جس کے باعث سیاحتی سرگرمیاں ماند پڑھنے کا خدشہ ہے۔
ان خیالات اظہار انہوں نے عوامی بہبود کے اقدامات کے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کمشنر نے چاروں ڈپٹی کمشنروں سمیت دیگر انتظامی افسران کو تعلیمی اداروں اور مراکز صحت کے ریگولر بنیادوں پر دورے کرنے اور اس ضمن میں رپورٹ ان کے دفتر بھجوانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ افسران (کے پی آئیز) کے سکور حاصل کرنے کے ساتھ دیگر انتظامیہ آمور پر بھی توجہ دیں تاکہ عوام حقیقی معنوں میں ریلیف محسوس کریں۔ اجلاس میں چاروں ڈپٹی کمشنروں نے پرائس کنٹرول، جاری ترقیاتی منصوبوں، تعلیم ،صحت، انفورسمنٹ، ستھرا پنجاب، ٹرانسپورٹ اور ذراعت سمیت عوامی بہبود کے دیگر 32 مختلف اقدامات پر ایک ہفتہ میں ہونے والی پیش رفت بارے آگاہ کیا۔