کمشنر سرگودہا کا دورہ بھکر کے دوران مختلف انتظامی محکموں کی کارکردگی کا جائزہ

108
کمشنر سرگودہا کا دورہ بھکر کے دوران مختلف انتظامی محکموں کی کارکردگی کا جائزہ

بھکر۔ ۔۔۔ 05 دسمبر (اے پی پی):کمشنر سرگودہا محمد جہانزیب اعوان نے دورہ بھکر کے موقع پرمختلف انتظامی محکموں کے سربراہان کے اجلاس کی صدارت کی۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر محمد اشرف اور اے ڈی سی ریونیو عبد القدیر سمیت چاروں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز بھی موجود تھے۔کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان کو ضلع کے ہیلتھ سیکٹر،ترقیاتی منصوبوں ،کوالٹی آف ایجوکیشن سمیت دیگر امور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔

کمشنر نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کی پنجاب کے ہیلتھ سیکٹر پر خصوصی توجہ مرکوز ہے۔

انہوں نے کہا کہ ضلع کے تمام ہسپتالوں اور مراکز صحت پر طبی سہولیات بالخصوص ادویات کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہسپتالوں اور مراکز صحت پر ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل سٹاف کی حاضری کو تواتر سے مانیٹر کیا جائے جس کا بنیادی مقصد عوام الناس کو حقیقی معنوں میں ہیلتھ سروسز سے مستفید کرنا ہے۔

کمشنر نے ضلع کے ترقیاتی منصوبوں پر جاری کام کے حوالے سے بریفنگ لیتے ہوئے کہا کہ تعمیراتی امور میں کوالٹی پر ہرگز کمپرومائز نہ کیا جائے۔ انہوں نے اس سلسلہ میں فوری ایک جوائنٹ مانیٹرنگ ٹیم تشکیل دینے کی بھی ہدایت کی جوکہ تعمیراتی منصوبہ جات کا موقع پر معائنہ کرکے رپورٹ پیش کرے گی۔