سرگودھا۔ 03 مئی (اے پی پی):کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان نے سرگودھا میں زیر تعمیر نئے ڈپٹی کمشنر کمپلیکس کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ محمد وسیم اور ایس ای بلڈنگ امانت علی و دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔کمشنر نے منصوبے کے مختلف حصوں کا جائزہ لیا، جن میں دفاتر، میٹنگ ہال، انتظار گاہیں اور پارکنگ ایریاز شامل تھے۔ انہوں نے کہا کہ منصوبے کو مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے تاکہ عوام کو سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
انہوں نے کہا کہ جدید سہولیات سے آراستہ ڈی سی کمپلیکس نہ صرف افسران و عملے کے لیے بہتر ورکنگ ماحول فراہم کرے گا بلکہ شہریوں کے لیے بھی سہولت کا باعث ہوگا۔ کمشنر نے بلڈنگ افسران کو ہدایت کی کہ تعمیراتی معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے اور تمام کام مقررہ وقت کے مطابق مکمل کیا جائے۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ منصوبے کا 90 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے اور باقی کام تیزی سے جاری ہے۔
انہوں نے کمشنر کو منصوبے کی تکمیل کی متوقع تاریخ سے بھی آگاہ کیا۔ کمشنر نے امید ظاہر کی کہ یہ منصوبہ سرگودھا کے انتظامی ڈھانچے کو مزید موثر اور شہریوں کی خدمت کے لیے بہتر ثابت ہوگا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=591793