سرگودھا۔19اگست (اے پی پی):کمشنر سرگودھاڈویژن جہانزیب اعوان کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں پرائس کنٹرول، ستھرا پنجاب، سوشو اکنامک رجسڑی اور وزیر اعلی پنجاب کے عوامی بہبود کے 32 اقدامات پر چاروں اضلاع میں رواں ماہ اب تک کی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں شریک چاروں ڈپٹی کمشنرز نے تفصیلی بریفیگ دی۔ اجلاس میں کمشنر نے حالیہ بارشوں کے بعد چاروں اضلاع میں نکاسی آب کا بروقت آپریشن مکمل کرنے پر چاروں ڈپٹی کمشنرز کی کارکردگی کو سراہا۔
انہوں نے پرائس میکنزم پر جائزہ لیتے ہوئے ہدایت کی کہ اچھی کارکردگی کے حامل پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی حوصلہ افزائی کی جائے جبکہ ناقص کارکردگی کے حامل مجسٹریٹس کو متحرک کیا جائے۔ انہوں نے روٹی، نان، ڈبل روٹی اور مرغی کے گوشت سمیت 12 بنیادی اشیائے خوردونوش کی طلب ورسد اور قیمتوں پر گہری نظر رکھنے اور خلاف ورزی کے مرتکب دکانداروں کے خلاف ضابطہ کی کارروائی کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ سبزیوں و فروٹ منڈیوں میں نیلامی کے عمل کی فول پروف مانیٹرنگ کو یقینی بنایا جائے، اشیائے ضروریہ کے مقررہ نرخ نامے دکان پر نمایاں جگہوں پر آویزاں ہونے چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پرائس میکنزم میں ڈویژن کے چاروں اضلاع رینکنگ میں پنجاب بھر میں سنگل ڈیجٹ میں نظر آنے چاہیے۔کمشنر نے ستھرا پنجاب پر پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ اداروں کو مزید متحرک کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ انجام دی گئی سرگرمیوں کا تھرڈ پارٹی آڈٹ یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ ستھرا پنجاب وزیر اعلیٰ پنجاب کا ایک انقلابی پروگرام ہے جس کے تحت پہلی بار شہر کے ساتھ دیہی علاقوں میں بھی صفائی ہو رہی ہے اس کے حقیقی معنوں میں ثمرات عوام تک پہنچنے چاہیے۔ سوشو اکنامک رجسڑی میں رجسٹریشن کا جائزہ لیتے ہوئے کمشنر نے کہا کہ آگاہی مہم کو مزید تیز کیا جائے تاکہ عوام ازخود اس پروگرام میں رجسٹرڈ ہو کر مستقبل میں حکومت کے مختلف فلاحی پروگراموں سے استفادہ حاصل کر سکیں۔ اجلاس میں چاروں ڈپٹی کمشنرز نے وزیر اعلی پنجاب کے عوامی بہبود کے 32مختلف اہداف بارے رپورٹ بھی پیش کی۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر سرگودہا کیپٹن ریٹائرڈ محمد وسیم، ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن یاسر بھٹی، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ بلال حسن، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ آصف اقبال ملک، اے ڈی سی آر محسن صلاح الدین، اے ڈی سی جی عمر فاروق، اسسٹنٹ کمشنر آمنہ احسان تارڈ، اے سی جی حافظ عبد المنان اور سی او ضلع کونسل اسد ہریا کے علاوہ ڈپٹی کمشنر خوشاب سروش فاطمہ شیزازی، ڈپٹی کمشنر میانوالی خالد جاوید گورائیہ اور ڈپٹی کمشنر بھکر علی اکبر بھنڈر نے وڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔