بھکر۔ 20 اگست (اے پی پی):کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان کے زیر صدارت منعقدہ اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈپٹی کمشنر علی اکبر بھنڈر نے بذریعہ وڈیو لنک شرکت کی ۔ڈپٹی کمشنر نے کمشنر سرگودہا ڈویژن کوضلع میں پرائس کنٹرول، ستھرا پنجاب، سوشو اکنامک رجسڑی اور وزیر اعلی پنجاب کے عوامی بہبود کے اقدامات پر چاروں تحصیلوں میں رواں ماہ کی اب تک کی پیش رفت کے حوالہ سے تفصیلی بریفنگ دی۔
اجلاس میں کمشنر نے حالیہ بارشوں کے بعد چاروں اضلاع میں نکاسی آب کا بروقت آپریشن مکمل کرنے پر چاروں ڈپٹی کمشنرز کی کارکردگی کو سراہا۔ انہوں نے پرائس میکنزم کا جائزہ لیتے ہوئے ہدایت کی کہ عمدہ کارکردگی کے حامل پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی حوصلہ افزائی کی جائے جبکہ ناقص کارکردگی کے حامل مجسٹریٹس سے باز پرس کی جائے۔ انہوں نے روٹی، نان، ڈبل روٹی اور مرغی کے گوشت سمیت 12 بنیادی اشیائے خوردونوش کی طلب رسد اور قیمتوں پر گہری نظر رکھنے اور خلاف ورزی کے مرتکب دکانداروں کے خلاف حسب ضابطہ کارروائی کرنے کی ہدایت کی۔
کمشنر نے ستھرا پنجاب پر پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ اداروں کو مزید متحرک کرنے کی ضرورت پر ضرور دیتے ہوئے کہا کہ انجام دی گئی سرگرمیوں کا تھرڈ پارٹی آڈٹ یقینی بنایا جائے۔ سوشو اکنامک رجسڑی میں رجسٹریشن کا جائزہ لیتے ہوئے کمشنر نے کہا کہ آگاہی مہم کو مزید تیز کیا جائے تاکہ عوام ازخود اس پروگرام میں رجسٹرڈ ہو کر مستقبل میں حکومت کے مختلف فلاحی پروگراموں سے استفادہ کر سکے۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر علی اکبر بھنڈر نے وزیر اعلی پنجاب کے عوامی فلاح و بہبود کے مختلف اقدامات پر عملدرآمد بارے کمشنر سرگودہا کو رپورٹ پیش کی۔اس موقع پر اے ڈی سی (آر) ظفر حسن نقوی اور اسسٹنٹ کمشنرز بھی موجود تھے۔