سرگودھا -12 اگست (اے پی پی):کمشنر سرگودھا ڈویژن جہانزیب اعوان نے واسا کے دفتر کا باضابطہ افتتاح کر دیا۔ تقریب میں ایڈیشنل کمشنر کوآرڈی نیشن رائے محمد یاسر بھٹی، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ بلال حسن، سی ای او ایس ڈبلیو ایم سی رانا شاہد عمران، سی او ایم سی ماجد بن احمد، ایم ڈی واسا عزیزاللہ خان، ڈپٹی ایم ڈی محمد رفیع سمیت ورکرز اور دیگر شخصیات نے شرکت کی۔کمشنر نے تختی کی نقاب کشائی اور ربن کاٹ کر واسا دفتر کا افتتاح کیا۔ بعد ازاں مختلف برانچز کا معائنہ کرتے ہوئے واسا کے قیام پر اہلیانِ سرگودھاکو مبارک باد دی۔ میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ آج ایک اہم سنگ میل طے ہوا ہے۔ 1913 میں سرگودھامیں میونسپل کمیٹی کا قیام عمل میں آیا، بعد ازاں شہر کا سیوریج اور واٹر سپلائی سسٹم میونسپل کارپوریشن کے تحت رہا۔ پنجاب کے بیشتر شہروں میں واسا قائم کیا جا چکا ہے۔
واسا ایک اسپیشلائزڈ ایجنسی ہے جس کے پاس زیادہ تکنیکی مہارت موجود ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت نے سرگودھاکے لیے سیوریج کے میگا پراجیکٹ کی منظوری دی ہے، جو شہریوں کے لیے ایک انقلابی اقدام ہے،بنیادی سہولتوں میں سیوریج اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی شامل ہے اور آنے والے دنوں میں اس شعبے میں نمایاں بہتری دیکھنے کو ملے گی۔ نئے منصوبے کے تحت شہر کا سیوریج سسٹم مکمل طور پر ری ویمپ ہوگا اور ایک سال کے اندر شہری واضح تبدیلی محسوس کریں گے۔ کمشنر نے کہا کہ آج کا دن شہریوں کے لیے مبارک اور خوشی کا دن ہے کیونکہ ان کے لیے ایک بڑی تبدیلی کا آغاز ہو رہا ہے۔ بعد ازاں سی او ایم سی ماجد بن احمد اور ایم ڈی واسا کے مابین ایک معاہدے پر دستخط ہوئے، جس کے تحت میونسپل کارپوریشن کا سیوریج و واٹر سپلائی فیلڈ اسٹاف، مشینری ، ڈسپوزل اور واٹر سپلائیز باضابطہ طور پر واسا کے سپرد کر دی گئیں۔