کمشنر سکھر نے موسمیاتی تبدیلیوں کے پیش نظر ٹاسک فورس تشکیل دے دی

91
Climate change
Climate change

سکھر۔ 22 جولائی (اے پی پی):کمشنر سکھر فیاض حسین عباسی نے موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے ٹاسک فورس تشکیل دے دی۔ کمشنر سکھر کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق کمشنر سکھر نے موسمیاتی تبدیلیوں کے پیش نظرتشکیل دی گئی ٹاسک فورس کا مقصد شہری علاقوں، کینالوں کی پشتوں اور سکھر ضلع کے صنعتی علاقوں میں اربن فاریسٹ اور جنگلات کی بحالی کے اقدامات کے ذریعے قومی موسمیاتی تبدیلی کی پالیسی کو نافذ کرنا ہے۔ ڈپٹی کمشنر سکھر ڈاکٹر ایم بی دھاریجو ٹاسک فورس کے کنوینر نامزد کئے گئے ہیں ۔

میئر سکھر میونسپل کارپوریشن، پرنسپل غلام محمد مہر میڈیکل کالج سکھر ، چیئرمین ضلع کونسل سکھر، سپرنٹنڈنٹ انجینئر محکمہ آبپاشی، سپرنٹنڈنٹ انجینئر بلڈنگز ڈیپارٹمنٹ، میونسپل کمشنر ایس ایم سی، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ ،ڈائریکٹر ایگریکلچر ڈیپارٹمنٹ، کنزرویٹر آف فاریسٹ سوشل فاریسٹری سرکل، سکھر انسٹی ٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن، اروڑ یونیورسٹی اور بیگم نصرت بھٹو ویمن یونیورسٹی کے نمائندے اور سکھر کے تمام اسسٹنٹ کمشنرز میمبر کے طور پر شامل ہونگے ۔

ڈسٹرکٹ فاریسٹ آفیسر سکھر ٹاسک فورس کے ممبر/سیکرٹری کے طور پر کام کریں گے۔ ٹاسک فورس کو طویل، درمیانی اور قلیل مدتی ایکشن پلان تیار کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ ٹاسک فورس درختوں کی کٹائی اور پودوں کو نقصان پہنچانے کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی سفارش بھی کرے گی۔