کمشنر سکھر کی زیر صدارت اجلاس ، خیرپور پبلک ہیلتھ اسکیموں کا جائزہ لیا گیا

64

سکھر۔ 01 فروری (اے پی پی):کمشنر سکھر فیاض حسین عباسی نے کہا ہے کہ محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کی پینے کے پانی اور نکاسی آب کی سکیموں میں حائل رکاوٹوں اور مسائل کو حل کیا جائے تاکہ عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کی جا سکیں ۔ یہ ہدایات انہوں نے ہفتہ کو ضلع خیرپور کے محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کی ترقیاتی اسکیموں کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں ۔ کمشنر سکھر نے کہا کہ چیف سیکریٹری سندھ کی سربراہی میں محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کی ترقیاتی اسکیموں سے متعلق اجلاس میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ پورے صوبے میں محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کی ترقیاتی اسکیموں میں زیادہ سے زیادہ مسائل ضلع خیرپور میں ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ 2019 میں نکاسی آب کی اسکیموں کی زمین کی خریداری کے لیے حکومت نے زمین مالکان کو رقم منتقل کر دی ہے تاہم اس کا قبضہ تاحال نہیں لیا جا سکا۔ انہوں نے کہا کہ چھوٹے چھوٹے مسائل کے باعث ترقیاتی اسکیمیں سالوں سے تاخیر کا شکار ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بعض ترقیاتی اسکیمیں معمولی رقم کے باعث تاخیر کا شکار ہیں جس کے لیے کسی افسر نے اعلیٰ حکام سے رابطہ نہیں کیا ۔ انہوں نے کہا کہ 2019 سے 2024 تک جن افسران کی سستی کے باعث ترقیاتی اسکیمیں مکمل نہ ہوسکیں ان پر ذمہ داری عائد ہوگی اور ان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔ ضلع خیرپور کی 8 تحصیلوں میں محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کی ترقیاتی اسکیمیں سالوں سے سست روی کا شکار ہیں

ان اسکیموں کو مکمل کرنے پر کسی کی توجہ نہیں ، متعلقہ افسران کی سستی کے باعث عوام کو تکالیف کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر خیرپور سید احمد فواد ، چیف انجینئر پبلک ہیلتھ انجینئرنگ برکت علی خواجہ ، سپرنٹینڈنٹ انجنئیر پبلک ہیلتھ سکھر سرکل صوبل خان ، اسسٹنٹ کمشنرز خیرپور اور محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے افسران نے شرکت کی ۔