کمشنر شہید بینظیرآبادکا انٹرمیڈیٹ کے امتحانات کے دوران امتحانی مراکز کا دورہ

106

حیدرآباد۔ 30 مئی (اے پی پی):کمشنر شہید بینظیرآباد ڈویژن سید محمد سجاد حیدر نے 11ویں اور12ویں جماعت کے جاری سالانہ امتحانات کے دوران امتحانی مرکز گورنمنٹ بوائز سچل سرمست کالج نواب شاہ کا دورہ کرکے انتظامات کا جائزہ لیا۔ کمشنر نےدورے کے موقع پر امتحانی مرکز کے انچارج کو سختی سے ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ بورڈ کے جاری امتحانات کے دوران نقل کی روک تھام کے لیے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں کیونکہ امتحانی نظام کی شفافیت دراصل ملک و قوم کی ترقی کی ضامن ہے ،ہمیں اپنے بچوں کو ایسا ماحول فراہم کرنا ہے کہ وہ میرٹ پر آسکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ گرمی کی شدت کے پیش نظر امتحانی مرکز میں ٹھنڈے پانی کا بھی بندوبست کیا جائے۔

کمشنر نے کہا کہ نقل مافیہ کے خلاف ڈویژنل و ضلع انتظامیہ کی جانب سے کارروائیاں کی جارہی ہیں۔ کمشنر نے امتحانی مرکز میں بورڈ کی جانب سے مقرر کردہ انویجلیٹر اور ایکسٹرنل کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ وہ جاری امتحانات کے دوران نقل کے روجحان کو روکنے میں اپنا کردار ادا کریں۔ اس موقع پر کالج کے پرنسپل اور امتحانی مرکز کے انچارج اورنگزیب بھنگوار نے کمشنر کو آگاہی دیتے ہوئے بتایا کہ امتحانی مرکز میں نقل کی روک تھام کے لیے اقدامات کئے گئے ہیں جبکہ امتحانی مرکز میں 550 طلباء کے لئے 10 بلاک قائم کئے گئے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ امتحانی مرکز میں بجلی کی فراہمی اور ٹھنڈے پانی کا بھی بندوبست کیا گیا ہے۔