نوابشاہ۔ 02 اگست (اے پی پی):کمشنر شہید بینظیرآباد سید محمد سجاد حیدر کی زیر صدارت تینوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز ، محکمہ آبپاشی، سکارپ اور لوکل گورنمنٹ افسران کیساتھ اجلاس منعقد کیا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر سید محمد سجاد حیدر نے کہا ہے کہ وہ آئندہ چند دنوں میں آنے والی بارشوں سے نمٹنے کے لئے اپنی تیاریاں مکمل رکھیں،آئندہ چند روز میں بارشوں کی پیشن گوئی کی گئی ہے اسلئے میونسپل اور ٹاؤن انتظامیہ اپنی متعلقہ مشینری تیار اور بجلی نہ ہونے پر متبادل انتظامات کےطور پر جنریٹر تیار رکھیں، کمشنر نے متعلقہ افسران کو تمام سیم نالوں اور برساتی نالوں کی فوری طور پر صفائی کرانے کا حکم بھی دیا ۔
انہوں نے میونسپل انتظامیہ کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ صفائی والے عملے کو مخصوص جیکٹیں پہنائی جائیں تاکہ لوگوں کو وہ فیلڈ میں کام کرتے ہوئے نظر آئیں۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر شہید بینظیرآباد شہریار گل میمن نے کہا کہ ضلع شہید بینظیرآباد میں بارشوں سے نمٹنے کے لئے تمام انتظامات مکمل کئے گئے ہیں اور محکمہ پبلک ہیلتھ اور میونسپل انتظامیہ کی جانب سے مشقیں بھی کی گئی ہیں اور کانٹنجنسی پلان ترتیب دے دیا گیا ہے ڈپٹی کمشنر سانگھڑ عمران الحسن خواجہ نے کہا کہ ضلع میں نکاسی اب کے تمام سٹیشنز چالو حالت میں ہیں اور ڈسپوزل بھی چالو حالت میں کام کررہے ہیں ۔
اجلاس میں ایکسین آبپاشی روہڑی ڈویژن افتخاراحمد لانگاہ نے بتایا کہ دریائے سندھ کے حفاظتی بند پر بکھری کے مقام پر بند کی مضبوطی کا کام مکمل کیا گیا ہے جبکہ کوڑے جا بھان کےمقام پر جے اسپر بند کی تعمیر کا کام جاری ہے۔اجلاس میں ڈائریکٹر انفارمیشن محمد موسیٰ گوندل، ایڈیشنل کمشنر ون سبھاش چندر، ایڈیشنل کمشنر ٹو عمار حسین، پراجیکٹ ڈائریکٹر سکارپ امجد علی میمن کے علاوہ متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔