کمشنر شہید بینظیرآباد کا قاضی احمد کا دورہ، محرم الحرام کے حوالے سے انتظامات کا جائزہ لیا

20

حیدرآباد۔ 03 جولائی (اے پی پی):کمشنر شہید بینظیرآباد ڈویژن ندیم احمد ابڑو نے قاضی احمد کا دورہ کرکے محرم الحرام کے حوالے سے انتظامات کا جائزہ لیا ۔ انہوں نے قاضی احمد میں امام بارگاہ کے منتظمین جام فیروز انڑ اور دیگر سے ملاقات کی اور سیکیورٹی سمیت دیگر انتظامات سے متعلق معلومات لیں۔ اس موقع پر کمشنر ندیم احمد ابڑو نے اسسٹنٹ کمشنر قاضی احمد کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام کے سلسلے میں قاضی احمد میں منعقد ہونے والے ماتمی جلوسوں و مجالس اور دیگر مذہبی پروگراموں میں سہولیات و دیگر انتظامات کی نگرانی کو یقینی بنایا جائے۔

کمشنر نے مزید کہا کہ وہ محرم الحرام کے سلسلے میں انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے تینوں اضلاع کی تحصیلوں کا دورہ کررہے ہیں۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر قاضی احمد چودہری ارسلان بھی موجود تھے۔ بعد ازاں کمشنر شہید بینظیرآباد ندیم احمد ابڑو نے ڈویژن میں محرم الحرام کے دوران سیکیورٹی انتظامات کے حوالے سے ڈی آئی جی پولیس شہید بینظیرآباد پرویز احمد چانڈیو سے انکے دفتر میں ملاقات کی۔ ڈی آئی جی پرویز احمد چانڈیو نے کمشنر کو بتایا کہ محرم الحرام کے سلسلے میں ڈویژن کے تینوں اضلاع میں سیکیورٹی انتظامات کو یقینی بنایا گیا ہے۔