حیدرآباد۔ 12 فروری (اے پی پی):کمشنر شہید بینظیرآباد ڈویژن ندیم احمد ابڑو کی زیر صدارت بجلی چوری کی روک تھام کے لیے قائم ڈویژنل انفورسمنٹ کمیٹی کا اجلاس کمشنر آفس میں منعقد ہوا۔
اجلاس میں اب تک بجلی چوری میں ملوث و ڈیفالٹرز کے خلاف کی گئی کارروائیوں کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر اجلاس میں کمشنر ندیم احمد ابڑو نے ایس ای حیسکو اور تینوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ بجلی چوری کی روک تھام کے لیے ضلع سطح پر قائم انفورسمنٹ کمیٹیوں کو مزید فعال بناکر بجلی چوری میں ملوث افراد اور ڈیفالٹرز کے خلاف جاری آپریشن کو مزید تیز کیا جائے تاکہ بلوں کی رکوری ممکن ہوسکے۔
جلاس میں ایس ای حیسکو فرمان علی نے بتایا کہ حکومت کی ہدایات پر بجلی چوری کی روک تھام اور ڈیفالٹرز کے خلاف کاروائی کے لیے ضلع انتظامیہ اور رینجرز کے ہمراہ پڑی پیمانے پر آپریشن جاری ہے۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر شہید بینظیرآباد شہریار گل میمن، ڈپٹی کمشنر سانگھڑ ڈاکٹر عمران الحسن خواجہ اور ڈپٹی کمشنر نوشہرو فیروز محمد ارسلان سلیم نے اپنے اپنے اضلاع میں ڈسٹرکٹ انفورسمنٹ کمیٹی کے ذریعے بجلی چوری میں ملوث افراد اور ڈیفالٹرز کے خلاف کی گئی کارروائیوں کے متعلق آگاہی دی۔
اجلاس میں ایس ایس پی شہید بینظیرآباد تنویر حسین تنیو، ایڈیشنل کمشنر ٹو سید عمار حسین، اسسٹنٹ کمشنر جنرل گل فیصل الاہی اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔