فیصل آباد ۔ 30 جنوری (اے پی پی):کمشنر فیصل آباد سلوت سعید کی زیرصدارت عام انتخابات 2024 کے انتظامات کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ڈپٹی کمشنر فیصل آباد عبداللہ نیئر شیخ سمیت دیگر اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔کمشنر نے ٹرانسپورٹیشن پلان سمیت پولنگ سکیمز اورپولنگ اسٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب اور حساس پولنگ اسٹیشنز کی تفصیلات پر بریفنگ لی۔انہوں نے ہدایت کی کہ کنٹرول رومز کو فعال بنائیں۔تمام متعلقہ محکموں کا سٹاف شفٹس میں ڈیوٹی پر موجود ہونا چاہیے۔
کمشنر نے کہا کہ امن وامان کے قیام کے لئے ضلعی پولیس،پاک آرمی،رینجرز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے قریبی رابطہ رکھا جائے۔ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد یقینی اور زیروٹالرنس پالیسی ہے۔انہوں نے پولنگ سٹاف کی تربیت اور انہیں ڈیوٹی مختص کرنے پر تفصیلات لیں۔کمشنرنے کہا کہ آرپی او کے ہمراہ اضلاع کے دورے کرکے انتظامی امور پر بریفنگ بھی لی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ فیسکو کو پولنگ ڈے پر بلاتعطل بجلی کی سپلائی یقینی بنانے کے لئے تحریر کیا جائے۔ڈپٹی کمشنرز تمام تر انتظامات کی نگرانی اور معمولی سا خلاء بھی پورا کریں۔
ریسکیو1122،سول ڈیفنس،ہیلتھ ودیگر محکموں واداروں کو آن بورڈ لیں اور ان کے افسران وملازمین کی چھٹیاں منسوخ ہونگی۔ایمرجنسی سروسز کو ہائی الرٹ رکھا جائے۔انہوں نے کہا کہ روزانہ ڈسٹرکٹ انٹیلیجنس کمیٹی کے اجلاس منعقد کریں۔کمشنر نے کہاکہ جنرل الیکشن کے تمام تر انتظامی اموریقینی بنائیں۔ڈویژن بھر میں انتخابات کا شفاف انعقاد ترجیح ہے۔ڈپٹی کمشنرز/ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسرز نے اپنے اضلاع میں جنرل الیکشن کے انتظامی امور پر تفصیلی بریفنگ دی۔دریں اثناکمشنر فیصل آباد سلوت سعید سے ڈپٹی سیکرٹری کامرس اینڈ انڈسٹریز ابوبکر زبیر نے کمشنر آفس میں ملاقات کی۔
کمشنر نے بزنس فسلیٹیشن سنٹر میں بزنس کمیونٹی کو فراہم کی جانے والی سروسز اور محکمانہ این اوسیز کے اجراء سے آگاہ کیا۔بزنس کمیونٹی کو محکموں سے متعلقہ این اوسیز کے اجراء میں لاہور کے بعد فیصل آباد کا بزنس فسلیٹیشن سنٹر دوسرے نمبر پر ہے۔ڈپٹی سیکرٹری نے بزنس فسلیٹیشن سنٹر کو سٹیٹ آف دی آرٹ بلڈنگ قرار دیا اورکہا کہ کمشنر فیصل آباد کی خصوصی کاوشوں سے بزنس سنٹر کامیابی سے چل رہا ہے۔بزنس سنٹر کی ورکنگ سے بزنس کمیونٹی مطمئن اور این او سیز کا تیزرفتار اجراء احسن اقدام ہے۔اس موقع پر سی ای او فیڈمک نے بزنس فسلیٹیشن سنٹر کی مزید بہتری کے حوالے سے تجاویز بھی پیش کیں۔