کوئٹہ۔ 13 نومبر (اے پی پی):کمشنر قلات ڈویژن محمد نعیم بازئی سے ان کے آفس میں جمعیت علمائے اسلام قلات کے رہنماء سردار زادہ میر سعید احمد لانگو کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی۔ وفد نے کمشنر قلات ڈویژن کو پی بی 36 حلقے کے 7 پولنگ اسٹیشنز پر پولنگ منعقد کرانے کے حوالے سےکہا۔کمشنر قلات ڈویژن محمد نعیم بازئی نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ الیکشن کے لئے شیڈول دینا اور پولنگ منعقد کرانا الیکشن کمیشن کے اختیارات میں آتے ہیں جیسے ہی الیکشن کمیشن حلہ پی بی 36 پر دوبارہ پولنگ کا شیڈول جاری کرتا ہے تو مقامی انتظامیہ سیکورٹی کے تمام تر انتظامات کو یقینی بنانے کے لیئے ہر ممکن کردار ادا کریگی۔
ووٹ عوام کا حق ہے اور حکومت عوام کے اس حق کا احترام کرتی ہے۔ الیکشن کمیشن اور حکومت کے احکامات کے تحت صاف و شفاف اور منصفانہ انداز میں پولنگ کا مرحلہ مکمل کرنے کے لئے مقامی انتظامیہ اپنی ذمہ داری احسن انداز میں پوری کریگی۔