شیخوپورہ۔ 31 اکتوبر (اے پی پی):کمشنر لاہور زید بن مقصود نے ڈپٹی کمشنر شیخوپوره شاہد عمران مارتھ کے ہمراہ تحصیل مریدکے کا تفصیلی دورہ کیا ۔ کمشنر لاہور نے صفائی ستھرائی ، انسداد سموگ کنٹرول پروگرام اور پولیو مہم کا جائزہ لیا ۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو عثمان جلیس ، اسسٹنٹ کمشنر مریدکے شوکت سندھو ، سی او ضلع کونسل سمیت دیگر ضلعی افسران بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ کمشنر لاہور نے اس موقع پر ستھرا پنجاب مہم انسداد سموگ پر عملدرآمد اور پولیو مہم کو کامیاب بنانے کےلئے متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کیں ۔
کمشنر لاہور نے مختلف لوگوں سے پولیو ٹیموں کی کارکردگی بارے دریافت کیا ، شہریوں نے پولیو ٹیموں کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا ۔ کمشنر لاہور زید بن مقصود نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پولیو مہم کی کامیابی صحت مند پاکستان کی ضمانت ہے،ہر شہری کو اس مہم میں اپنا اہم کردار ادا کرنا ہوگا ۔ ضلع بھر میں جاری پانچ روزہ پولیو مہم کی کامیابی کے لیے تمام تر وسائل کو بروئے کار لایا گیا ہے ، یقینی بنا رہے ہیں کہ کوئی بھی بچہ پولیو کے قطرے پینے سے محروم نہ رہے ۔
کمشنر لاہور زید بن مقصود نے کہا کہ تمام اسسٹنٹ کمشنرز اور محکمہ صحت کے افسران پولیو ٹیموں کی کڑی مانیٹرنگ جاری رکھے ہوئے ہیں ۔پولیو ٹیمیں پوری ایمانداری سے اپنی ڈیوٹی سر انجام دے رہی ہیں ، والدین پولیو ٹیموں سے مکمل تعاون کریں اور بچوں کو عمر بھر کی معذوری سے محفوظ بنائیں ۔ کمشنر لاہور نے کہا کہ پولیو مہم کے دوران اپنی ڈیوٹی انجام دینے والے پولیو ورکرز اپنی ڈیوٹی کو قومی فریضہ سمجھ کر ادا کریں ۔
انہوں نے کہا کہ سموگ کا باعث بننے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے ، سموگ کے پیش نظر حکومتی احکامات کی خلاف ورزی کرنیوالوں کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے ۔