کوئٹہ۔ 22 مئی (اے پی پی):کمشنر لورالائی سعادت حسن سے اقوام ولیزئی کےفریقین کے معتبرین ملک عزیز الرحمن اخونذادہ، ملک اصغر ولیزئی اور نائب ڈسٹرکٹ کونسل چیئرمین خوشحال خان، عبدالوسع ولیزئی و دیگرمشران نے ملاقات کی۔ متنازع زمین جو موضع سرہ درگہ، درگئی وتھ اور نالی ولیزئی پر شامل ہے کی حد براری کرنے کے حوالے سے کمشنر لورالائی ڈویژن کو آگاہ کیا۔اس موقع پر کمشنر نے دونوں فریقین کو صبر وتحمل سے کام لینے کی ہدایت کی۔اس دوران انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر لورالائی کو ہدایت جاری کر دی ہے کہ موقع کی مناسبت سے قانون کے مطابق بندوبست ،حدبراری کر کے فریقین کو ان کو صحیح حق دیا جائے۔ کمشنر لورالائی نے مزید کہا کہ دو اقوام کے درمیان حد براری کا مطلب بھی یہی ہے کہ فریقین کے درمیان سرحد یا حد بندی کو واضح اور متعین کیا جائے تاکہ زمین
وسائل یا اختیارات کے حوالے سے کسی قسم کا اختلاف یا تنازع پیدا نہ ہو۔ یہ حد براری معاہدے، نقشوں، نشانوں یا دیگر قانونی و انتظامی ذرائع سے کی جاتی ہے۔حد براری کا مقصد امن و امان کو یقینی بنانا، باہمی تعلقات کو بہتر بنانا اور کسی بھی ممکنہ جھگڑے یا تصادم سے بچنا ہوتا ہے۔ اگر حد براری صحیح طریقے سے نہ کی گئی تو زمین یا وسائل کے دعوے کے باعث دشمنی، جنگ یا دیگر قسم کے خطرناک نتائج سامنے آ سکتے ہیں۔ اس لیے اقوام کے درمیان باہمی رضا مندی سے کی گئی حد براری نہایت اہمیت کی حامل ہوتی ہے۔اکثر اوقات حد براری میں اقوامِ کے بزرگوں اور دیگر ثالثین کی معاونت بھی لی جاتی ہے تاکہ انصاف اور غیر جانبداری کو یقینی بنایا جا سکے۔کمشنر نے فریقین کو جلد از جلد حد براری کرکے مسئلے کو حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=600328