ملتان ۔ 25 اگست (اے پی پی):کمشنرملتان عامر کریم خان نے کہا ہے کہ پارک شہریوں کی تفریح کا ذریعہ ہے شاہراہ عام نہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مظفر آباد پارک کا تفصیلی دورہ کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے پارکنگ نہ ہونے کے سبب ریلوے کی ملحقہ زمین پارکنگ کے لیے استعمال کرنے بارے تجویز طلب کی۔انہوں نے کہا کہ پارک کے درمیان سے شہریوں نے متعدد راستے نکالے ہوئے ہیں انہیں فورا بند کیا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ پارک میں سے غیر قانونی راستوں کی وجہ سے منشیات کے عادی افراد کی آماجگاہ اور جانوروں کا ٹھکانہ بنا ہوا ہے۔ انہوں نے پارک کی بہتری کیلئے 2 ہفتوں کی ڈیڈ لائن دیتے ہوئے کہا کہ پارک میں فیملی کے لیے خصوصی ایریا مختص کیا جائے۔انہوں نے لائٹس اور جھولوں کی تعداد بڑھا نے اور سکیورٹی کیمرے فوری نصب کرنے کی ہدایت کی۔ ڈی جی پی ایچ اے کریم بخش نے بریفنگ بھی دی،اس موقع پر دیگر افسران بھی ہمراہ تھے۔