کمشنر ملتان کا مختلف امام بارگاہوں اورجلوس روٹس کادورہ، سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا

97
Commissioner Multan Division Maryam Khan
Commissioner Multan Division Maryam Khan

ملتان۔ 06 جولائی (اے پی پی):کمشنر ملتان مریم خان نے مختلف امام بارگاہوں اورجلوس روٹس کادورہ کیا اور محرم الحرام کے سلسلہ میں کئے گئے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا،اس موقع پر آر پی او ملتان کیپٹن (ر) محمد سہیل چوہدری بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ ترجمان پولیس کے مطابق کمشنر ملتان مریم خان نے دورہ کے دوران اس عزم کا اظہار کیا کہ محرم الحرام کے دوران ڈویژن بھر میں امن وامان کا قیام اور فول پروف سکیورٹی ہر صورت یقینی بنائی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ لائسنس داران،مجالس و جلوسوں کے منتظمین،عوامی نمائندگان،مذہبی سکالرز،انتظامیہ اور امن کمیٹی کے اراکین بین المسالک ہم آہنگی،بھائی چارے کو فروغ دیتے ہوئے امن و امان برقرار ر کھنے میں اپنا بھر پور کردار کریں۔ اس موقع پر سکیورٹی انتظامات سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے سی پی او ملتان صادق علی نے بتایا کہ محرم الحرام سکیورٹی کے حوالے سے پولیس کی طرف سے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں،امن و امان برقرار رکھنے کے لئے پولیس اور دیگر قانون نافذکرنے والے اداروں کے افسران و اہلکارمکمل طور پر ہائی الرٹ رہیں گے۔انہوں نے بتایا کہ مجالس اور جلوسوں کی سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے مانیٹرنگ کی جائے گی،حساس امام بارگاہوں اور مجالس کے مقامات پر اضافی نفری تعینات کی گئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ مجالس اور جلوسوں کے شرکاکو پر امن ماحول فراہم کیا جا ئے گا۔ کمشنر ملتان نے سکیورٹی سمیت تمام انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام کے دوران فول پروف سکیورٹی یقینی بنانے اور امن و امان کے قیام کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے موقع پر امن و امان قائم کرنا تمام مکاتب فکر کے علماء اور عوام کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

کمشنر ملتان نے فول پروف سکیورٹی یقینی بنانے اور جلوسوں و مجالس کے منتظمین کو ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ حساس امام بارگاہوں اور مجالس و جلوسوں کے مقامات پر اضافی نفری تعینات کی جائے، مجالس اور جلوسوں کے شرکاء کو پر امن ماحول فراہم کیا جائے،محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس کے دوران حکومت کی طرف سے جاری کردہ ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے،مجالس اور جلوسوں میں وقت کی پابندی کا خصوصی خیال رکھا جائے۔