ملتان۔9مارچ (اے پی پی):کمشنر ملتان نے نرخ نامے آویزاں نہ کرنے والوں کیخلاف سخت کارروائی کی ہدایت کی ہے اور کہا ہےکہ شہری علاقوں سے بھانہ جات باہر منتقل کئے جائیں۔
انہوں نے ان خیالات کااظہاراپنی زیر صدارت اضلاع کی کارکردگی بارے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے ڈپٹی کمشنرز کو رمضان بازار کی تفصیلی فیزیبلٹی رپورٹ بنانے کی ہدایت کی۔
کمشنرنے کہاکہ ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن سے کرایوں کی مانیٹرنگ، خصوصی افراد کیلئے سہولیات بارے بات کی جائے۔سٹیزن پورٹل،قیمت پورٹل پر موصول شکایات کو فوری حل کیا جائے۔ڈپٹی کمشنرز سکولوں کا دورہ کرکے روڈ کراسنگ کا معائنہ کریں۔
انہوں نے طلب و رسد میکنزم کو مانیٹر کرنے کی ہدایت کی ۔ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ احساس دستر خوان ناشتہ پوائنٹ کا بھی آغاز کردیا گیا ہے۔احساس دستر خوان سے اب تک 21 ہزار افراد مستفید ہوچکے ہیں۔ضلع میں 40 پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے ایک ہفتہ میں 2ہزار سے زائد چھاپے مارے اور 3 لاکھ 71 ہزارپے سے زائد جرمانہ کیا۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ ڈویژن میں جانوروں میں گانٹھ بیماری کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا۔
تمام منڈیوں میں لائیو سٹاک مانیٹرنگ پوائنٹس بنا دیے گئے ہیں۔ ڈویژن میں ڈینگی کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا ہے۔ لاروا کی تلفی بارے انسپکشن جاری، 25 سےزائد نوٹسز دئے گئے۔کورونا کی مکمل ویکسی نیشن میں پنجاب بھر میں لودھراں 10ویں، ملتان12 ویں وہاڑی 18 ویں نمبر، خانیوال 20ویں نمبر پر ہے۔