کمشنر نصیر آباد ڈویژن معین الرحمٰن خان سے محکمہ جنگلات کے ناظم سمندر خان کھوسہ و نائب ناظم جنگلات نعیم احمد لہڑی کی ملاقات

105

کوئٹہ۔ 18 فروری (اے پی پی):کمشنر نصیر آباد ڈویژن معین الرحمٰن خان سے آج محکمہ جنگلات کے ناظم سمندر خان کھوسہ و نائب ناظم جنگلات نعیم احمد لہڑی نے ملاقات کی، انہوں نے اپنے محکمے کی کاوشوں و درپیش مسائل کے متعلق آگاہی فراہم کی جبکہ ریلوے ٹریک و نیشنل روڈ کے درمیان میں آنے والی زمین کو محکمہ جنگلات کے نام الاٹ کرنے کے حوالے سے بھی تفصیلی بات چیت کی۔ کمشنر کو بتایا گیا کہ اس سلسلے میں ایم بی ار کے ہاں محکمہ جنگلات نے اسی زمین کی الاٹمنٹ کےلئے درخواست دائر کی ہے امید ہے کہ محکمہ جنگلات کو الاٹ کر دی جائے گی کیونکہ ویسٹ پاکستان رول 1963 کے تحت نیشنل ہائی وے اور ریلوے ٹریک کے درمیان آنے والی زمین محکمہ جنگلات کے نام الاٹ کر دی جاتی ہے

اس لیے اس زمین کو محکمہ جنگلات کے نام نہ صرف الاٹمنٹ کی جائے بلکہ ان کا قبضہ بھی دلایا جائے کیونکہ عرصہ دراز سے لوگوں نے اس زمین پر ناجائیز قبضہ کیا ہوا ہے جو کہ محکمہ جنگلات کے حصے میں آتی ہے تاکہ اس زمین پر زیادہ سے زیادہ درخت لگانے کا آغاز شروع کیا جائے ،کمشنر آباد ڈویژن معین الرحمن خان نے محکمہ جنگلات کے افسران سے بات چیت کرتے ہوئے ہدایت کی کہ محکمہ جنگلات ماحولیاتی آلودگی کو کم کرنے کے لیے اہم کردار ادا کرتا ہے اس لیے محکمہ جنگلات کے افسران کو چاہیے کہ وہ زیادہ سے زیادہ درخت لگائیں اور لوگوں کو بھی اس طرف راغب کریں ۔

انہوں نے کہا کہ ریلوے ٹریک اور روڈ کے درمیان آنے والی زمین کو الاٹ کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے گی اور اس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ سے رابطہ کرکے ان کو حل کیا جائے، کمشنر نصیرآباد نے کہاکہ درختوں کی آبیاری کے لیے یہاں کی زمین زرخیز ھونے کے ساتھ ساتھ وافر مقدار میں دریائی پانی موجود رہتا ہے جو کہ درختوں کو بڑا کرنے میں مددگار ثابت ہو تا ہے ،

انہوں نے مزید کہا کہ ، واٹر کورسوں اور نہروں کے کنارے پر درختوں کی آبیاری کی جائے نہ صرف یہی بلکہ ان کی نگہبانی بھی کی جائے تاکہ وہ پودے سے ایک درخت بن جائیں جس سے ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے میں مدد مل سکے ۔کمشنر نصیرآباد نے محکمہ جنگلات کے افسران پر زور دیا کہ وہ اپنے فرائض کی بجا آوری میں ہر ممکن کوشش کریں کوتاہی ہرگز نہ کریں بلکہ خلوص دل سے اپنے فرائض کی ادائیگی کو یقینی بنائیں۔