کمشنر ڈاکٹر ناصر محمود کی زیر صدارت ڈیرہ غازی خان ڈویژن کو سیلابی صورتحال سے محفوظ رکھنے کے حوالے سے اجلاس کا انعقاد

208

ڈیرہ غازی خان۔ 19 جولائی (اے پی پی):وزیر اعلی پنجاب مریم نوازشریف کی ہدایت کی روشنی میں رواں برس ڈیرہ غازیخان ڈویژن میں سیلاب کے ممکنہ خطرے سے بچاؤ کے حوالے سے اقدامات کاجائزہ لینے کیلئے کمشنر ڈیر ہ غازیخان ڈاکٹر ناصر محمود کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا ۔

اجلاس میں آر پی او کیپٹن (ر) سجاد حسن خان، ممبر قومی اسمبلی سردار شمشیر خان مزاری، ڈپٹی کمشنرراجن پوراور ڈی پی او راجن پور سمیت محکمہ انہار اور دیگر متعلقہ محکموں کے حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں سیلاب کے خطرہ سے نمٹنے کے لیے ضلع راجن پور میں منچن بند کے تعمیراتی کام اور عملہ کی حفاظت کیلئے کیے گئے اقدامات کا جائزہ لیاگیا۔

ایس ای انہارنے منچن بند کے تعمیراتی کام کے حوالے سے بریفنگ دی۔ کمشنرڈیرہ غازیخان ڈاکٹر ناصر محمود بشیر نے کہا کہ اس سال سیلاب کے ممکنہ خطرے سے بچاؤ کیلئے مکمل تیاری کی جا رہی ہے، اس حوالے سے تمام متعلقہ محکموں کوالرٹ کر دیاگیاہے۔محکمہ انہار کے حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ جلد از جلد فلڈ بندوں اور سپرز کی تعمیر و مرمت کا کام مکمل کرائیں۔

انہوں نے کہاکہ راجن پور میں منچن بند کی تعمیر سے متاثر ہونے والی بستیوں اور لوکل آبادیوں کو اعتماد میں لے کر ان کے نقصانات کا ازالہ کیا جائے گا، عوام کو سیلاب سے ممکنہ خطرے سے بروقت آگاہ کرنے کیلئے آگاہی مہم چلائی جائے گی۔ اجلاس میں ڈی پی او راجن پور نے منچن بند کے تعمیراتی ورک پر مامور عملہ کی حفاظت کے لیے کیے گئے اقدامات سے متعلق بریفنگ دی۔

اس موقع پر آر پی اوسجاد حسن خان نے بتایا کہ منچن بند کے تعمیراتی عملہ کی حفاظت کیلئے پولیس کی جانب سے بہترین اقدامات کیے گئے ہیں، مشکل ترین حالات کے باوجود تعمیراتی عملہ کی حفاظت کے لیے پولیس ہمہ وقت موجود ہے اور انہیں مکمل تحفظ فراہم کیا جا رہا ہے، جرائم پیشہ عناصر کو تعمیراتی کام میں کسی قسم کا خلل نہیں ڈالنے دیں گے۔