کراچی۔ 20 جنوری (اے پی پی):کمشنر کراچی اور الیکشن کمیشن کے سینئر افسران کی زیرنگرانی نیو سندھ سیکرٹریٹ میں عام انتخابات کے انتظامات اور تیاریوں کے سلسلے میں جائزہ اجلاس منعقد کیاگیا۔
ہفتہ کو جاری اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں جوائنٹ پروونشل الیکشن کمشنر (ایڈمن)علی اصغر سیال، جوائنٹ پرونشل الیکشن کمشنر(الیکشن)نذر عباس، ریجنل الیکشن کمشنر عبد الرحمان آ رائیں، ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفسران، ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنرز،ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسران، ریٹرننگ افسران اور دیگر نے شرکت کی۔
کمشنر کراچی محمد سلیم راجپوت نے کہا کہ شفاف، آزادانہ، پر امن اور محفوظ طور پر انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنایا جاے گا۔ انہوں نے کہا کہ عام انتخابات کے موقع پر ساز گار ماحول کی فراہمی کو یقینی بنایا جاے گاتا کہ ووٹرز بلا خوف و خطر اپنا حق دہی استعمال کرسکیں۔
اجلاس نے ضابطہ اخلاق کے خلاف امیدواروں کی جانب سے شہر کی مختلف شاہراہوں اور پبلک مقامات پر پینا فلیکس اور بینرز آویزاں کر نے کی شکایت کا نوٹس لیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ امیداروں کو پابند کیا جائے گا کہ وہ ضابطہ اخلاق پر سختی سے عمل کریں، جن امیدواروں نے ضابطہ اخلا ق کے خلاف بینرز آویزاں کئے ہیں انہیں پابند کیا جائے گا کہ وہ فوری طور پر پبلک مقامات اور شاہراہوں سے بینرز اتاردیں، اس سلسلے میں تمام ڈپٹی کمشنرز و ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران امیدواروں کو تحریری طور پر ضابطہ اخلاق پر عملدآمد کرنے کی ہدایت کریں گے اور اپنے اپنے دفاتر میں امیدواروں کے ساتھ اجلاس بھی منعقد کریں گے۔
ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران نے اجلاس میں اپنے اپنے ضلع میں ہونے والے انتخابات کی تیاریوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پولنگ اسٹیشن کی نشاندہی کر لی گئی ہے اور عملہ کی تعیناتی کا عمل بھی مکمل کر لیا گیا ہے۔
اجلاس میں ڈسٹرکت الیکشن کمشنرز نے کہا کہ ڈپٹی کمشنرز اور ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران کے مکمل تعاون اور رابطہ سے انتظامات کو حتمی شکل دی جارہی ہے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ عملہ کی تعیناتی اور تربیت کا کام مکمل کر لیا گیا ہے۔ اجلاس کو یہ بھی بتایا گیا کہ حساس پولنگ اسٹیشنز کی نشاندہی کر لی گئی اور فیصلہ کیا گیا ہے کہ حسا س پولینگ اسٹیشن پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے جائیں گے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=431732