کوئٹہ۔ 30 مئی (اے پی پی):کمشنر کوئٹہ ڈویژن/ ایڈمنسٹریٹر میٹرو پولیٹن کارپوریشن کوئٹہ محمد حمزہ شفقات نے ایرانی قونصلیٹ کوئٹہ کا دورہ اور قونصل جنرل سے ملاقات کی ۔قونصلیٹ پہنچنے پر قونصل جنرل علی رضا رجائی نے انکا گرم جوشی سے استقبال کیا۔ملاقات میں مختلف مسائل اور نکات پر تبادلہ خیال کیا گیا جن میں کوئٹہ شہر کی سیوریج نظام کی بہتری،کوئٹہ میں ایرانی سکولز کی بندش، کوئٹہ کے ہسپتالوں کے لیے ڈائیلائسز مشینوں کا عطیہ، کوئٹہ ،تفتان روڈ کی تعمیر اور ترقی،زائرین کے مسائل کی بہتر انداز میں مینجمنٹ،مشترکہ میوزک فیسٹول کا انعقاد ،ایران اور پاکستان سمیت افغان ٹیموں پر مشتمل 3 فریقی مشترکہ کھیلوں کے مقابلوں کا انعقاد
مشترکہ الیکٹرونک لائبریری کا قیام،کوئٹہ-زاہدان کے درمیان براہ راست پروازوں کا آغاز اور دونوں شہروں کی 2 سسٹر سٹیز کا عنوان دینا،کوئٹہ میں دستکاری نمائش کا انعقاد،چمن بارڈر اور گوادرپورٹ کا دورہ،کورونا کے بعد ایرانی کنٹینرز کی پاکستان میں آمدو رفت پر پابندی اور مشترکہ قرآنی محافل کا انعقاد شامل ہیں۔قونصل جنرل نے کمشنر و ایڈمنسٹریٹر کوئٹہ کی تشریف آوری پر انکا شکریہ ادا کیا اور کوئٹہ شہر میں انکی مجموعی کارکردگی کو سراہا اور اس امید کا اظہار کیا کہ متعلقہ مسائل کے حل میں بھی وہ اپنا کردار ادا کریں گے۔اس موقع پر کمشنر و ایڈمنسٹریٹر کوئٹہ نے کہا کہ دونوں ممالک کی تاریخ، ثقافت، سرحدیں، مذہب اور خون مشترکہ ہے،پاکستانی عوام کو ایرانی تاریخ، ثقافت اور عوام سے دلی محبت ہے،دونوں ممالک کے مابین خوشگوار تعلقات کے فروغ میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=603476