کمشنر کی زیرِ صدارت ریونیو عوامی خدمت کچہری کا انعقاد

95

سرگودھا۔ 02 دسمبر (اے پی پی):سرگودھا ڈویژنل و ڈسٹرکٹ سطح پر ریونیو عوامی خدمت کچہریوں کا انعقاد کیا گیا۔ ضلع کونسل ہال میں منعقدہ کھلی کچہری میں کمشنر جہانزیب اعوان نے خود شہریوں کے ریونیو سے متعلق مسائل سنے اور موقع پر احکامات جاری کیے۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر)محمد وسیم ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(ریونیو) فہد محمود اور اسسٹنٹ کمشنر آمنہ احسان تارڈ سمیت تحصیلدار،نائب تحصیلدار، ریونیوافسران،عملہ اراضی ریکارڈسنٹر،پٹواریوں کے علاوہ سائلین کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

شہریوں کی جانب سے ریونیو عوامی خدمت کچہری میں ریکارڈ کی درستگی،فرد کا اجراء ، رجسٹری،انتقالات کا اندارج ، ڈومیسائل کا اکرام اور انکم سرٹیفنکٹ سمیت ریونیو سے متعلقہ دیگر معاملات کو پیش کیا گیا۔ اس موقع پر کمشنر جہانزیب اعوان کا کہنا تھا کہ اپنے مسائل کے حل کے لیے آنے والے کسی بھی سائل کو کسی قسم کی بھی دشواری پیش آتی ہے تو وہ فوری ضلعی انتظامیہ سے رجوع کرے۔

انہوں نے اراضی ریکارڈ سنٹر سمیت محکمہ ریونیو کے تمام افسران و اہلکاران کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری دفاتر میں آنے والے سائلین سے نرمی سے پیش آئیں،ناقص کارکردگی اورغیر حاضر رپورٹ ہونے والے افسران واہلکاران کے خلاف سخت محکمانہ کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ریونیو عوامی خدمت کچہریوں کا ہر ماہ کی پہلے دو ورکنگ ڈے میں انعقاد پنجاب حکومت کا احسن قدم ہے ۔

جہاں تمام ریونیو افسران ایک چھت نیچے موجود ہوتے ہیں اور سائلین کو اپنے کام کروانے میں آسانی ہوتی ہے۔ ڈویژن کے دیگر اضلاع میں بھی ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز کی سربراہی میں ریونیو عوامی خدمت کچہریوں کا انعقاد کیا گیا۔