سرگودھا ۔ 24 جون (اے پی پی):کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان کی زیرِ صدارت شہر کے سینٹرل ایریاز کو ماڈل روڈز بنانے کے حوالہ سے اجلاس منعقد ہوا جس میں ایکسین ہائی ویز نے منصوبے کا تیار کردہ پی سی ون پیش کیا۔ منگل کو منعقدہ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ محمد وسیم ، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ بلال حسن ، ڈپٹی ڈائریکٹر ٹیکنیکل رانا شاہد عمران، ایکسین ہائی ویز ملک گلفام اعوان، ایکسین انہاراور ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ مہتاب یاسین نے شرکت کی۔اجلاس میں پی سی ون کا تفصیلی جائزہ لیاگیا اور متعلقہ افسران نے منصوبے کی مختلف تکنیکی و انتظامی جہتوں پر بریفنگ دی۔ بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ منصوبے کے تحت کچہری بازار اور سٹی روڈ کو31 فٹ تک چوڑاکیا جائے گا، جب کہ درمیان میں 4 فٹ کا میڈین بنایا جائے گا۔
دونوں اطراف فٹ پاتھ کے ساتھ جدید فساڈ وال بھی تعمیر کی جائے گی تاکہ شہریوں کو بہتر پیدل راہ داری فراہم کی جا سکے۔علاوہ ازیں فیسکو کی تکنیکی ٹیم ان سڑکوں پربجلی کےکنکشنزکو زیر زمین منتقل کرنے کے لیے سروے مکمل کر رہی ہے۔ تمام یوٹیلیٹی سروسز (گیس، ٹیلی کام، سیوریج، واٹر سپلائی وغیرہ) کو بھی انڈر گراو ¿نڈ کیا جائے گا تاکہ انفراسٹرکچر طویل المدتی اور پائیدار ہو۔ مزید یہ کہ کچہری بازار اور سٹی روڈ کے داخلی راستوں پر خوبصورت داخلی دروازے تعمیر کیے جائیں گے، جو شہر کی خوبصورتی میں نمایاں اضافہ کریں گے۔کمشنر نے متعلقہ افسران کوہدایت کی کہ منصوبےکی تکمیل کےدوران شہر کے تاجروں اور دکانداروں کو مکمل طور پر اعتماد میں لیا جائے اور ان کے ساتھ مشاورت کا عمل جاری رکھا جائے۔
انہوں نے واضح کیا کہ یہ منصوبہ عوامی فلاح اور شہر کی ترقی کے لیے نہایت اہمیت کا حامل ہے، جسے ایک مشن کے طور پر مکمل کیا جائے۔کمشنر نے ہدایت کی کہ افسران پوری سنجیدگی اور لگن کے ساتھ کام کریں تاکہ یہ یادگار پراجیکٹ اپنے مقررہ نو ماہ کے اندر مکمل ہو اور عوام جلد از جلد اس کے ثمرات سے مستفید ہو سکیں۔ واضح رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کے فلیگ شپ منصوبے کے تحت سرگودہا شہرکےسینٹرل ایریاز گول چوک، سٹی روڈ اور کچہری بازار روڈ کو ماڈل روڈز میں تبدیل کرنے کے سلسلے میں عملی اقدامات تیزی سے جاری ہیں۔