سرگودھا ۔ 29 مارچ (اے پی پی):کمشنر سرگودھا ڈویژن جہانزیب اعوان نے سرگودہا ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے افسران اور ورکرز کی اتوار اور عید کی تعطیلات منسوخ کرتے ہوئے تمام 18 تحصیلوں میں چاند رات سے خصوصی صفائی آپریشن شروع کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے تحصیل خوشاب میں کنٹریکٹر کی جانب سے ورکرز کو 23 یوم کی تنخواہوں کی ادائیگی کا بھی نوٹس لیتے ہوئے سی ای او ایس ڈبلیو ایم سی کو باقی ایام کی تنخواہ بھی فوری ادا کروانے کی ہدایت کی ہے۔
وہ کمپنی کے خوشاب میں عید صفائی آپریشن بارے بریفنگ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ اجلاس بھی ڈپٹی کمشنر خوشاب فروا عامر اور سی ای او کمپنی رانا شاہد عمران کے علاوہ چاروں تحصیلوں کے کمشنروں نے شرکت کی۔ کمشنر نے کہا کہ عید الفطر پر شہریوں کو صاف ستھرا ماحول یقینی بنانے کے لیے تمام وسائل استعمال میں لائے جائیں۔ چاند رات سے تمام تحصیلوں کے شہری اور دیہی علاقوں میں خصوصی صفائی آپریشن شروع کر کے عید کی صبح تک بازار پارکس، مساجد کے راستے، عید گاہیں، گلیاں، محلے ، بڑی شاہرات ، قبرستان اور تفریحی مقامات مکمل صاف ہونے چاہیے۔
انہوں نے سڑکوں کی دھلائی اور پکنک پوائنٹس کی صفائی پر خاص فوکس کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے شہروں کے داخلی اور خارجی راستوں پر بھی صفائی کو مثالی بنانے کا حکم دیا۔ کمشنر نے میونسپل کمیٹیوں کے ورکرز کو بھی عید صفائی آپریشن میں شامل کرنے کے علاوہ انتظامی افسران کو کمپنی کے مانیٹرنگ سٹاف کے ساتھ ملکر کام کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں خوشاب کی چاروں تحصیلوں میں عید صفائی پلان بارے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ جبکہ اسسٹنٹ کمشنروں نے ستھرا پنجاب بارے عوام کی آراءاور اپنے فیڈ بیک سے آگاہ کیا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=577260