کمشنر کی پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو روزانہ دو گھنٹے فیلڈ میں گزارنے کی ہدایت

142
کمشنر کی پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو روزانہ دو گھنٹے فیلڈ میں گزارنے کی ہدایت

سرگودہا۔12جنوری (اے پی پی):کمشنر سرگودہا ڈویژن محمد اجمل بھٹی نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو روزانہ دو گھنٹے فیلڈ میں گزارنے کی ہدایت کرتے ہوئے گراں فروشی،مصنوعی مہنگائی اور ذخیرہ اندوزی میں ملوث دکانداروں کو بھاری جرمانوں کے ساتھ گرفتار کرکے سلاخوں کے پیچھے پہنچانے کے احکامات جاری کیے ہیں۔

انہوں نے چاروں ڈپٹی کمشنرزکو پندرہ دنوں بعد جبکہ اسسٹنٹ کمشنرزکو ہر ہفتے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کا اجلاس طلب کرکے ناقص کارکردگی کے حامل مجسٹریٹس کیخلاف ضابطہ کی کارروائی کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔ وہ جمعہ کو اپنے دفتر میں پرائس میکنزم کے حوالے سے ایک اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔

اجلاس میں ڈپٹی کمشنر کیپٹن(ر)شعیب علی، ڈائریکٹر زراعت شاہد حسین اور ڈائریکٹر ہیلتھ ڈاکٹر رانا محمد ریاض سمیت خوراک، انڈسٹری اور مارکیٹ کمیٹی کے افسران بھی موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر خوشاب ذیشان شبیر احمد، ڈپٹی کمشنر میانوالی سجاد احمد خان اور ڈپٹی کمشنر بھکر ڈاکٹر نور محمد اعوان سمیت چاروں اضلاع کے اسسٹنٹ کمشنروں نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔

کمشنر محمد اجمل بھٹی نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو زیادہ سے زیادہ انسپکشن یقینی بنانے، سبزیوں، پھلوں اور دالوں سمیت دیگر اشیاء ضروریہ کی طلب و رسد پر خاص نظر رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔ اُنہوں نے سبزی منڈیوں میں روازنہ کی بنیاد پر ہونے والی نیلامی کی بھی مانیٹرنگ کرنے کے ساتھ مقرر کردہ نرخوں پر ہر صورت عمل درآمد یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔

اُنہوں نے پیاز کی بڑھتی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لیے ڈپٹی کمشنر بھکر کو منکیرہ سے آنے والی نئی فصل کو اپنی ضرورت کے بعد میانوالی اور خوشاب کو سپلائی یقینی بنانے کے لیے اقدامات کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔