واشنگٹن ۔13اکتوبر (اے پی پی):امریکا کی نائب صدر کملا ہیرس کے ڈاکٹر نے انہیں صحت مند قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ صدارتی فرائض بہتر انداز سے سرانجام دے سکتی ہیں۔اردو نیوز کے مطابق امریکی نائب صدر کے معالج ڈاکٹر جوشوا سیمنز نے ایک خط میں کملا ہیرس کی میڈیکل ہسٹری اور ان کی صحت کے حوالے سے آگاہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ کملا ہیرس ایک صحت مند اور فعال طرزِ زندگی رکھتی ہیں اور گزشتہ اپریل میں ان کی صحت میں کچھ بھی غیرمعمولی نہیں تھا۔انہوں نے کہا کہ وہ صدارتی عہدے کی ذمے داریاں کامیابی سے سر انجام دینے کے لیے درکار ذہنی اور جسمانی اہلیت رکھتی ہیں۔ ان ذمہ داریوں میں چیف ایگزیکٹو، ہیڈ آف سٹیٹ اور کمانڈر ان چیف کے فرائض بھی شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نائب صدر کو الرجیز جن میں سکن الرجی اور چھپاکی بھی شامل ہیں، کی شکایت رہی ہے جس کے لیے وہ تین سال سے الرجین امیونو تھراپی پر ہیں۔ڈاکٹر جوشوا سیمنز نے مزید بتایا کہ کملا ہیرس کے بلڈ ٹیسٹ اور دیگر ٹیسٹ نارمل ہیں۔امریکی نائب صدر کی انتخابی مہم کی ٹیم کے ایک رُکن نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ انہیں اُمید ہے کہ کملا ہیرس کی میڈیکل رپورٹ کے اجرا سے اُن کا ریپبلکن اُمیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ موازنہ ہو گا۔انہوں نے کہا کہ سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حالیہ برسوں میں اپنی صحت کے بارے میں محدود معلومات ہی جاری کی تھیں جس کے بعد صدارتی منصب سنبھالنے کے لیے اُن کی فٹنس پر سوال اُٹھائے جا رہے ہیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ کی انتخابی مہم کے ترجمان سٹیون چیونگ نے کہا کہ سابق صدر نے رضاکارانہ طور پر اپنے ذاتی معالج کی تازہ ترین معلومات کے ساتھ ساتھ میڈیکل ریپ رونی جیکسن کی تفصیلی رپورٹس جاری کی ہیں جو کانگریس میں منتخب ہونے سےقبل وائٹ ہاؤس میں اُن کے معالج تھے۔رونی جیکسن نے قاتلانہ حملے کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ کا علاج بھی کیا تھا۔انہوں نے کہا کہ سب نے یہ نتیجہ اخذ کیا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کمانڈر ان چیف بننے کے لیے صحت مند ہیں ۔یاد رہے کہ اگر سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ جن کی عمر 78 ہے، آئندہ ماہ منتخب ہو جاتے ہیں تو وہ 2029 میں اپنی مدّتِ ملازمت ختم ہونے تک امریکی تاریخ کے معمر ترین صدر ہوں گے۔