اسلام آباد۔21جنوری (اے پی پی):ایڈیشنل سیکرٹری خارجہ برائے اقوام متحدہ سید حیدر شاہ نے یوگنڈا ، کمپالا میں 19ویں غیر وابستہ تحریک (این اے ایم )کے سربراہی اجلاس میں پاکستان کےقومی بیان میں غیر وابستہ تحریک کے ساتھ پاکستان کے پختہ عزم اور اس کے بانی اصولوں اور امن، مساوات، تعاون اور سب کی بھلائی کے لیے تحریک کی کوششوں کے لیے پاکستان کی مسلسل حمایت کو اجاگر کیا۔
اتوار کو وزارت خارجہ کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق سفیر حیدر شاہ نے اس بات پر زور دیا کہ موجودہ کثیر جہتی عالمی چیلنجوں پر موثر بین الاقوامی تعاون کے ذریعے ہی قابو پایا جا سکتا ہے۔
انہوں نے خاص طور پر ترقی پذیر ممالک میں متوازن اور پائیدار سماجی و اقتصادی ترقی کو یقینی بنانے کے لیے مالیات، تجارت اور ٹیکنالوجی کے نظام میں اصلاحات کے لیے فوری کارروائی پر زور دیا۔
ایڈیشنل سیکرٹری خارجہ نے جموں و کشمیر کے تنازعہ کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق جلد حل کرنے پر بھی زور دیا۔
واضح رہے کہ نگراں وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی کے حالیہ پیش رفت کے پیش نظر اپنا سرکاری دورہ مختصر کرنے کے بعد سفیر حیدر شاہ این اے ایم سربراہی اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت کر رہے ہیں۔