لاہور۔11جون (اے پی پی):سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے کہا ہے کہ سی سی پی او آفس میں قائم کمپلینٹ سیل کے ذریعے شہریوں کو خدمات کی فراہمی جاری ہے، رواں سال مجموعی طور پر5163درخواستیں موصول ہوئیں،4692درخواستیں نمٹا دی گئیں اور 471 پرقانونی کارروائی کی جا رہی ہے۔بدھ کو جاری بیان میں سی سی پی او نے بتایا کہ وزیر اعلی کے پورٹل سے موصول ہونے والی67درخواستوں میں سے63نمٹا دی گئیں جبکہ04پر کام جاری ہے۔
مسائل کے حل کے لئے سی سی پی او آفس آنے والے1677درخواست گزاروں کی1512درخواستیں نمٹائی جا چکی ہیں ،بقایا165پر کارروائی کی جا رہی ہے۔ بذریعہ ڈاک موصول ہونے والی3419درخواستوں میں سے3117پر کارروائی عمل میں لائی جا چکی،302پر کام جاری ہے۔انہوں نے بتایا کہ سی سی پی او آفس کے کمپلینٹ سیل سے محکمہ پولیس سے متعلقہ امورکے حوالے سے موصول ہونے والی درخواستوں کو نمٹانے کی شرح90.87فیصد رہی۔کمپلینٹ سیل کے ذریعے عام آدمی کے محکمہ پولیس سے متعلقہ مسائل بلا تاخیر حل کئے جا رہے ہیں۔
کمپلینٹ سیل میں آنے والے بزرگ شہریوں، معذورافراد اور خواتین کے مسائل کا حل اولین ترجیح ہے۔محکمہ پولیس کے عوام دوست اقدامات سے شہریوں کوبروقت ریلیف مل رہاہے۔بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ پولیس افسران سائلین کو انصاف کی فوری فراہمی کے لئے اوپن ڈور پالیسی اپنائیں۔ مظلوم کی دادرسی اور انصاف کی بروقت فراہمی لاہور پولیس کی اہم ذمہ داری ہے۔