اسلام آباد۔16مارچ (اے پی پی):کمپٹیشن کمیشن آف پاکستان نے نیشنل لاجسٹکس کارپوریشن اور دبئی بیسڈ گلوبل کمپنی ڈی پی ورلڈ لاجسٹکس (ایف زیڈ ای ) کے درمیان جائنٹ ونچر کے لیے پری-مرجر درخواست کی منظوری دے دی ہے۔ پاکستان کی لاجسٹکس اور فریٹ انڈسٹری میں اس اہم جائنٹ ونچر کے ذریعے سرمایہ کاری اسپیشل انویسٹمنٹ فیسلیٹیشن کونسل کی کوشش سے کی گئی ۔معاہدے کے تحت این ایل سی اس اس جائنٹ ونچر میں 60 فیصد شیئرز حاصل کرے گا، جبکہ ڈی ڈبلیو ایل ایف 40 فیصد شیئرز کا مالک ہوگا۔
یہ منصوبہ پاکستان کے روڈ فریٹ لاجسٹکس سیکٹر کو جدید بنانے کے لیے این ایل سی کے مقامی تجربے ، وسیع نیٹ ورک اور علامی کمپنی ڈی پی ورلڈ کے عالمی سپلائی چین سے فائدہ اٹھائے گا۔روڈ فریٹ لاجسٹکس کا شعبہ پاکستان کے تجارتی اور نقل و حمل کا ایک اہم حصہ ہے۔ کمپٹیشن کمیشن نے تفصیلی تجزیے کے بعد فیصلہ دیا کہ یہ دونوں کمپنیوں کے مابین اس مشترکہ منصوبے سے روڈ فریٹ لاجسٹکس سیکٹر میں مسابقت پر اثر انداز نہیں ہو گا ۔ کمیشن کے تجزیے کے مطابق روڈ فریٹ لاجسٹکس میں جدت آنے اور مارکیٹ میں متعدد فریقین کی موجودگی کے باعث مسابقت برقرار رہے گی۔یہ مشترکہ منصوبہ پاکستان میں لاجسٹکس کے شعبے میں غیر ملکی سرمایہ کاری کی بڑھتی ہوئی کشش کو ظاہر کرتا ہے۔
اس سے بنیادی ڈھانچے میں بہتری، نقل و حمل کے اخراجات میں کمی، اور خطے میں پاکستان کی تجارتی مسابقت میں اضافہ متوقع ہے۔گزشتہ سال، کمپٹیشن کمیشن نے بین الاقوامی کمپنیوں کی پاکستان میں کمپنیوں میں مرجرز اور ایکوائزیشن کے لئے سہولت فراہم کی جس کے نتیجے میں پاکستان کے توانائی، مالیات، ٹیلی کام اور زراعت کے شعبوں میں عالمی کمپنیوں سے 29.6 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری ہوئی۔ اس تازہ ترین جانئٹ ونچر سے بھی پاکستان کے روڈ فریٹ کے شعبے میں بڑی سرمایہ کاری اور لاجسٹکس کی صنعت کو جدید بنانے کی راہ ہموار ہو گی ۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=573232