نارووال ۔ 08 فروری (اے پی پی):ممبر صوبائی اسمبلی،چئیرمین بیت المال پنجاب و کنوینئر ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی خواجہ محمد وسیم بٹ کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس ڈپٹی کمشنر نارووال آفس میں منعقد کیا گیا۔ہفتہ کو منعقدہ اجلاس میں ممبر قومی اسمبلی چودھری انوار الحق اور ڈپٹی کمشنر نارووال سید حسن رضا سمیت متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔اس موقع پر سیالکوٹ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی جانب سے کنوینئر ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کو ’’ستھرا پنجاب ‘‘پروگرام کے تحت کی جانے والی صفائی مہم اور اس ڈیوٹی پر مامور سٹاف،مشینری اور مائیکرو پلانز بارے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔خواجہ محمد وسیم نے کہا کہ سیالکوٹ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے فری ہیلپ لائن نمبر 1139کی تشہیر کریں
تاکہ شہری اپنے علاقے میں ناقص صفائی کی بابت ہیلپ لائن نمبر1139پر اپنی شکایات کا اندراج کروا سکیں ۔انکا کہنا تھا کہ صوبہ بھر کے شہروں اور دیہاتوں کی جامع صفائی کی بابت یہ حکومت کا تاریخی قدم ہے ، اس پروگرام کے تحت دیہی اور شہری علاقوں میں کی جانے والی صفائی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، تمام دیہاتوں میں ایس۔ڈبلیو۔ایم۔سی کا ہیلپ لائن نمبر 1139نمایاں جگہوں پر لکھا ہوا ہونا چاہئے۔خواجہ محمد وسیم نے کہا کہ یونین کونسل کی سطح پر ویسٹ انکلوئیرز بنانے کا کام جلد از جلد مکمل کریں تاکہ صفائی کے بعد کوڑا کرکٹ کو مناسب انداز میں ٹھکانے لگایا جائے۔انکا کہنا تھا کہ اپنے شہروں اور دیہاتوں کو صاف ستھرا بنانا ہمارا عزم ہے، صفائی مہم میں غفلت کسی صورت قابل قبول نہیں ہوگی۔