اسلام آباد ۔ 29 نومبر (اے پی پی) وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ کنٹرول لائن پر بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جارہا ہے۔ آرمی چیف جنرل باجوہ کو پیشہ وارانہ ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ امید ہے کہ وہ دہشت گردی کے خلاف جنرل راحیل کی پالیسیوں کو جاری رکھیں گے ۔ منگل کو پارلیمنٹ ہاﺅس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فوجی کمان کی اس طرح تبدیلی سے ادارے مزید مضبوط ہوں گے۔ جنرل راحیل نے جس طرح گزشتہ تین سالوں کے دوران ملک میں دہشت گردی کے خاتمہ کے لئے جو اقدامات کئے وہ قابل تحسین ہیں امید ہے کہ آرمی چیف جنرل قمر باجوہ سابق آرمی چیف کی دہشت گردوں کے خلاف پالیسیوں کو جاری رکھیں گے بلکہ پہلے سے زیادہ پر عزم طریقہ سے ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ کیا جائے گا۔