اسلام آباد۔25اکتوبر (اے پی پی):کنٹرول لائن کے آر پار کشمیری بھارت کی جانب سے غیر قانونی طور پر فوجیں داخل کرنے کے خلاف جمعہ 27 اکتوبر کو یوم سیاہ منائیں گے۔ اس روز کل جماعتی حریت کانفرنس کے زیر اہتمام اسلام آباد میں احتجاجی مظاہرہ کیاجائے گا۔ جماعت اسلامی آزاد کشمیر کے زیر اہتمام خصوصی کانفرنس کا انعقاد کیاجائے گا۔ کنٹرول لائن کے دونوں طرف اور دنیابھر میں کشمیری ا س دن عوامی اجتماعات ، ریلیاں ، واکس کا انعقاد کریں گے۔
حریت کانفرنس کی جانب سے اقوام متحدہ کے مبصر مشن کو خصوصی یادداشت پیش کی جائے گی۔ ملک بھر میں میٹرو ، اونج لائن ، گرین لائن بسز پر یوم سیاہ کے حوالے سے خصوصی سٹکر اور پوسٹر لگائے جائیں گے۔ پاکستان کے تمام ریلوے سٹیشن ، ایئرپورٹ اور موٹر وے ٹول پلازوں پر بینر آویزاں کئے جائیں گے۔ بڑے شاپنگ مالز میں بڑی سکرینوں پر خصوصی ڈاکومنٹریز دکھائی جائیں گی۔
اس کے علاوہ وزارت خارجہ کی جانب سے پاکستان میں غیر ملکی سفیروں اور فارن مشنز کو اس حوالے سے بریفنگ دی جائے گی۔ لوک ورثہ ، پی این سی اے اور تمام صوبائی ہیڈکوارٹرز پر بھارتی مظالم کے حوالے سے تصویریں نمائشیں کی جائیں گی۔ صدر اور وزیراعظم پاکستان ، وزیر خارجہ ، وزیراعظم و صدر آزاد کشمیر کے یوم سیاہ کے حوالے سے خصوصی پیغاما ت چلائے جائیں گے۔ شاہراہ دستور پر خصوصی واک کا اہتمام کیا جائے گا جس میں اہم حکومتی شخصیات اور چیئرمین سینیٹ شریک ہوں گے۔