کنٹرول لائن کے دونوں جانب اور دنیا بھر میں مقیم کشمیریوں نے یوم شہدائے جموں منایا

72
Jammu Martyrs' Day

سرینگر ۔6نومبر (اے پی پی):کنٹرول لائن کے دونوں جانب اور دنیا بھر میں مقیم کشمیریوں نے آج یوم شہدائے جموں اس عزم کی تجدید کے ساتھ منایا کہ وہ شہداء کے مشن کواپنے حق خودارادیت کے حصول تک جاری رکھیں گے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق نومبر 1947 کے پہلے ہفتے کے دوران ڈوگرہ مہاراجہ ہری سنگھ کی فورسز، بھارتی فوج اور ہندو انتہا پسندوں نے جموں خطے کے مختلف علاقوں میں لاکھوں کشمیریوں کو اس وقت شہیدکردیاتھاجب وہ پاکستان کی طرف ہجرت کر رہے تھے۔

مقبوضہ جموں وکشمیر ،آزاد کشمیر اور پاکستان کی مساجد میں بھارتی تسلط سے جموں و کشمیر کی جلد آزادی کیلئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں ۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنمائوں شبیر احمد شاہ اور نعیم احمد خان نے نئی دلی کی تہاڑ جیل سے جاری اپنے پیغامات میں کہاکہ 1947میں جموں میں مسلمانوں کا قتل عام کشمیرکی تاریخ کا سب سے اندوھناک واقعہ ہے جس کی یادیں 75سال گزرجانے کے بعد بھی کشمیریوں کے ذہنوں میں تازہ ہیں۔انہوں نے عالمی برادری پر زوردیا کہ وہ مقبوضہ علاقے میں خونریزی بند کرانے کیلئے فوری اقدامات کرے ۔

مودی کی زیر قیادت بھارتی حکومت نے کشمیریوں کی روزمرہ کی سرگرمیوں پر نظر رکھنے کے لیے پولیس کو جی پی ایس ٹریکر سے لیس کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔ جی ایس ٹریکر ایک ایساآلہ ہے جو زیر نگرانی شخص کے ٹخنوں پر باندھا جاتا ہے۔دریں اثنا پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی صدر محبوبہ مفتی نے سرینگر میں میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے پولیس کے سابق ڈائریکٹر جنرل دلباغ سنگھ کے کشمیر میں صورتحال معمول پر آنے سے متعلق بیان پر افسوس کا اظہار کیا۔

انہوں نے حیرت کا اظہار کیا کہ اگر مقبوضہ علاقے میں حالات ٹھیک ہیں تو مودی حکومت نے کشمیر میں لوگوں کی آزادی کیوں سلب کر رکھی ہے ؟ انہوں نے کہا کہ غزہ میں فلسطینیوں کی نسل کشی جاری ہے لیکن مودی حکومت نے کشمیر میں مسجد کے امام صاحبان کو اسرائیلی جارحیت کے متاثرین کے لیے دعاکرانے پر پابندی عائد کردی ہے ۔کشمیری سرکاری ملازمین کی جگہ بھارت کے ہندوتوا کارکنوں کو بھرتی کرنے کے ایک بڑے اقدام کے طورپر بھارتی حکومت نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں آزادی پسند سرگرمیوں کی حمایت کے الزام میں 55 مقامی ملازمین کو برطرف کردیا ہے۔

یہ انکشاف کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے نئی دلی میں ایک تقریب کے دوران کیاہے۔آج اسلام آباد میں کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ اور کشمیر لبریشن کونسل کے زیر اہتمام منعقدہ ایک تقریب میں مقررین نے عالمی برادری پر تنازعہ کشمیر کے حل پرزوردیا تاکہ اس تباہی سے بچایا جاسکے جس کا سامنا حل طلب مسئلہ فلسطین کی وجہ سے مشرق وسطیٰ کو ہے ۔