کراچی۔13ستمبر (اے پی پی):پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مرکزی رہنما اوراپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ کنٹونمنٹ بورڈ میں آج ایک بار پھر وزیر اعظم عمران خان کی کامیابی ہوئی ہے،2018 میں کے پی کے کے ساتھ وفاق اور پنجاب بلوچستان میں بھی پی ٹی آئی کی حکومت بنی تھی، پی ٹی آئی اس وقت ملک کی سب سے بڑی جماعت بن کر سامنے آئی ہے۔
انہوں نے پیر کو سندھ اسمبلی کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ 2020 میں گلگت بلتستان اور2021میں کشمیر میں بھی پی ٹی آئی کی فتح ہوئی، کراچی کی عوام نے اعتماد 2018 کی الیکشن میں عمران خان پر کیا تھا،
آج 2021 میں کنٹونمنٹ بورڈ الیکشن میں ووٹ دیکر زیادہ اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی پنجاب میں چھٹی ہوچکی ہے، مسلم لیگ (ن) سمیت تمام پارٹیوں کی چھٹی ہوچکی ہے،پی ٹی آئی اس وقت ملک کی سب سے بڑی جماعت بن کر سامنے آئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کنٹونمنٹ بورڈ الیکشن میں سب سے زیادہ سیٹیں پی ٹی آئی نے لی ہیں، اس بار کراچی میں پی ٹی آئی نے 14 سیٹیں جیتی ہیں، 2015 کے الیکشن میں پی ٹی آئی کے پاس صرف 4 سیٹیں تھی، پاکستان کی عوام کا اعتمام پی ٹی آئی پر بڑھ رہا ہے،مخالفین کی لاکھ کوششوں کے باوجود عوام نے پی ٹی آئی مخالفین جماعتوں کو مسترد کر دیا ہے۔
حلیم عادل شیخ نے کہا کہ پیپلزپارٹی اور ن لیگ اب علاقائی جماعتیں بن چکی ہیں، دونوں جماعتوں کی ملک دشمن پالیسیوں کی وجہ سے عوام نے انہیں مسترد کر دیا ہے۔ اس موقع پر پی ٹی آئی کے سینیئر رہنما رکن سندھ اسمبلی فردوس شمیم نقوی، پی ٹی آئی پارلیمانی لیڈر بلاول غفار، ملک شہزاد، شاہنواز جدون سمیت دیگر رہنما بھی موجود تھے۔