24.9 C
Islamabad
بدھ, مارچ 12, 2025
ہومضلعی خبریںکنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی لاہور میں خواتین کے کام کی جگہ پر...

کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی لاہور میں خواتین کے کام کی جگہ پر ہراسمنٹ کے خلاف سیمینار کا انعقاد

- Advertisement -

لاہور۔11مارچ (اے پی پی):کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی لاہور میں ایک خصوصی سیمینار منعقد کیا گیا۔ منگل کے روز منعقدہ سیمینار کا مقصد خواتین کے کام کی جگہ پر ہراسمنٹ کے خلاف شعور بیدار کرنا اور محفوظ ماحول فراہم کرنے کے اقدامات پر روشنی ڈالنا تھا۔

سیمینار میں ایم ایس میو ہسپتال کے پروفیسر محمود ایاز، معروف صحافی واصف ناگی، وی سی کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی اور کثیر تعداد میں میڈیکل کے طلباو طالبات اور پروفیسرز نے شرکت کی۔خاتون محتسب پنجاب نبیلہ حاکم علی خان نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔

- Advertisement -

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خواتین پنجاب میں پہلے سے زیادہ محفوظ ہیں، ایسے کیسز میں انصاف کی فراہمی کو فوری یقینی بنایا جاتا ہے، کیسز کو نمٹانے کا وقت انتہائی کم ہے، خواتین کو ٹراما کی صورت میں سائیکا لوجیکل کنسلٹیشن فراہم کی جاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہراسمنٹ ایکٹ 2010کے تحت اداروں میں اینٹی ہراسمنٹ کمیٹی ہونا ضروری ہے جس کے پاس وہی اختیار ہے جو خاتون محتسب کے پاس ہے، ہراسمنٹ کیس ثابت نہ ہونے کے حوالے سے قانون میں ترمیم پر بھی کام ہو رہا ہے تاکہ کسی کو ناحق سزا نہ ہو۔نبیلہ حاکم علی خان نے مزید وضاحت کی کہ کام کی جگہ پر ہراسمنٹ نہ صرف خواتین کے وقار کو مجروح کرتا ہے بلکہ اداروں کی مجموعی کارکردگی پر بھی منفی اثر ڈالتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ قانونی اور انتظامی اقدامات کی بدولت ہراسمنٹ کے واقعات کو کم کرنے میں نمایاں کمی آئی ہے اور اس سلسلے میں مزید سخت اقدامات کیے جائیں گے۔سیمینار کے منتظمین نے بتایا کہ اس پروگرام کا بنیادی مقصد طلبااور طالبات کو ان کے حقوق سے باخبر کرنا اور ادارے میں اینٹی ہراسمنٹ کمیٹی کے قیام کو فروغ دینا تھا تاکہ ہر کام کی جگہ پر خواتین کو محفوظ اور بااعتماد ماحول فراہم کیا جا سکے۔ ماہرین نے موجودہ قانونی فریم ورک، جرائم کی نوعیت اور متاثرہ افراد کی مدد کے لیے دستیاب سہولیات پر تفصیلی گفتگو کی۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=571117

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں