اسلام آباد۔8جون (اے پی پی):دفتر خارجہ نے کنیڈا کے شہر اونٹاریو میں اسلاموفوبیا کے واقعہ کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ المناک واقعہ منظم طریقے سے بڑھتے ہوئے اسلاموفوبیا کا مظہر ہے۔توقع ہے کنیڈین حکام اس وحشیانہ عمل کے مرتکب افردا کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کر یں گے۔
منگل کو ترجمان نے اونٹاریو میں کنیڈا میں پاکستانی نژاد خاندان کیساتھ المناک واقعہ کی سخت مذمت کرتے ہوئے اسے اسلامو فوبیا کا واقعہ قرار دیا اور متاثرہ خاندان سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ترجمان نے کہا کہ اوٹاوا میں پاکستانی ہائی کمیشن اور ٹورنٹو میں قونصلیٹ جنرل کیس کے حقائق جاننے کیلئے متعلقہ کنیڈین حکام کیساتھ رابطے میں ہے تاکہ اس وحشیانہ عمل کے مرتکب افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کو یقینی بنایا جا سکے۔
ترجمان نے کہا کہ ٹورنٹو میں ہمارے قونصل جنرل متوفی خاندان کے گھر گئے اور ان سے اظہار ہمدردی و تعزیت کی اور ہر ممکن تعاون فراہم کرنیکی پیشکش بھی کی۔ترجمان نے کہا کہ یہ المناک واقعہ منظم طریقے سے بڑھتے ہوئے اسلاموفوبیا کا مظہر ہے۔ترجمان نے کہا کہ کنیڈا کے وزیر اعظم نے واضح کیا تھا کہ اسلامو فوبیا کیلئے ہماری کمیونٹی میں کوئی جگہ نہیں۔اس قسم کے واقعات اس بات کو یقینی بناتے ہیں کہ عالمی برادری کو مل کر بین المذاہب ہم آہنگی اور بقائے باہمی کیلئے کام کرنیکی ضرورت ہے۔