جوہانسبرگ۔5ستمبر (اے پی پی):جنوبی افریقہ کے سٹار وکٹ کیپر بیٹر کوئنٹن ڈی کوک نے بھارت میں ہونے والے ورلڈ کپ کے بعد ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔ انہوں نے اپنی اچانک ریٹائرمنٹ کا اعلان ورلڈ کپ کیلئے جنوبی افریقہ کے 15 رکنی سکواڈ میں اپنا نام شامل ہونے کے چند منٹ بعد کیا۔ بگ بیش لیگ میں میلبورن رینیگیڈز کے ساتھ معاہدے کے بعد ڈی کوک کی جنوبی افریقہ کیلئے دستیابی بھی ایک ایشو بنا ہوا تھا،
امکان ظاہر کیا جارہا تھا کہ ڈی کوک دسمبر میں بھارت کے خلاف ہوم سیریز اور بی بی ایل کی تاریخوں میں ٹکرائو کے باعث قومی ٹیم کے لئے اپنی دستیابی سے معذرت کر سکتے تھے۔ 30 سالہ ڈی کوک کو آسٹریلیا کے خلاف حالیہ ٹی ٹونٹی سیریز کیلئے آرام کا موقع دیا گیا،
جس میں جنوبی افریقہ کو 3-0 سے وائٹ واش شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ انہیں آسٹریلیا کے خلاف 7 ستمبر سے شروع ہونے والی ون ڈے سیریز کیلئے سکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔ انہوں نے مجموعی طور پر 140 ون ڈے انٹرنیشنلز میں 44.85 کی اوسط سے 5966 رنز بنائے جس میں 17سنچریاں اور 29 نصف سنچریاں شامل ہیں۔ ڈی کوک نے دسمبر 2021ء میں ٹیسٹ کرکٹ سے بھی اچانک ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا تھا۔